یحییٰ بن عبد المعطی بن عبد النورزوادی: ۵۶۴ھ میں پیداہوئے۔زین الدین لقب،ابو الحسن کنیت تھی۔اپنے زمانہ کے نحو ولغت اور ادب میں امام تھے،بہت مدت تک دمشق میں مقیم رہے اور ایک خلق کثیر نے آپ سے فائدہ حاصل کیا اور کتب مفیدہ تصنیف کیں جن میں سے منظومہ الفیہ اور فصول مشہور و معروف ہیں پھر سلطان کامل کی ترغیب سے مصر میں تشریف لے گئے اور وہاں جامع انیق میں واسطےدرس علم ادب کے صدر نشین ہوئے یہاں تک کہ سلخ ذیعقدہ ۶۲۸ھ میں قاہرہ میں وفات پائی اور اس کے دوسرے روز خندق کے کنارہ قریب تربت امام شافعی کے دفن کیے گئے،قبر آپ کی وہاں زیارت گاہ ہے۔’’آفتاب انجمن‘‘ تاریخ وفات ہے۔زوادی طرف زادہ کے منسوب ہے جو ایک قبیلہ ظاہر حائیہ اعمال افریقہ میں ہے۔
(حدائق الحنفیہ)