غسل کا طریقہ

۱۔ غسل کی نیت کرے۔

۲۔ دونوں ہاتھ گٹوں تک دھوئے۔

۳۔ استنجا کی جگہ دھوئے اور اگر کسی عضو پر نجاست لگی ہو تو اسے بھی دھوئے۔

۴۔ نماز کے جیسا وضو کرے مگر پاؤں نہ دھوئے لیکن اگر اونچی جگہ بیٹھا ہو تو پاؤں بھی دھو لے۔

۵۔ پورے بدن پر تیل کی طرح پانی چپڑ(مل) لے۔

۶۔ تین مرتبہ دائیں کندھے پرپھرتین مرتبہ بائیں کندھے، پھر سر پر اور پھر پورے بدن پراچھی طرح پانی بہائے کہ بال برابر جگہ بھی خشک نہ رہ جائے ورنہ غسل نہیں ہوگا۔

۷۔ اب نہانے کی جگہ سے الگ ہوجائے اور اگر وضومیں پاؤں نہیں دھوئے تھے تو اب دھو لے۔

۸۔ ایسی جگہ جہاں کسی کی نظر نہ پڑے تو برہنہ نہانے میں بھی کوئی حرج نہیں اور اگر ممکن نہ ہو تو ناف سے گھٹنوں تک کا حصہ تو ضرور کسی ایسے موٹے کپڑے سے ڈھانپ لے کہ گیلا ہونے کی صورت میں اعضاء کی رنگت واضح نہ ہو۔

۹۔ عورتوں کو مزید احتیاط کی ضرورت ہے اور عورتوں کے لیے بیٹھ کر نہانا بہتر ہے۔

۱۰۔ مرد و عورت دونوں اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ نہانے میں قبلہ کی جانب رخ یا پیٹھ کرناسخت منع ہے۔

۱۱۔ نہانے کے فوراً بعد کپڑے پہن لے۔

 

غسل کے فرائض

یہ غسل کا طریقہ جو بیان کیا گیا اس میں سے تین باتیں فرض ہیں کہ ان کے بغیر غسل مکمل نہ ہوگا نہ ہی پاکی حاصل ہوگی۔ باقی سنت و مستحب ہیں۔ان میں سے کچھ چھوٹ بھی جائے تو بھی غسل ہوجائے مگر چھوڑنا نہیں چاہیے۔

غسل کے فرائض مندرجہ ذیل ہیں:

۱۔ کلی کرنا۔اس طرح کہ منہ کے ہر حصے گوشت ہونٹ سے حلق کی جڑ تک ہر جگہ پانی بہہ جائے۔مسوڑھے،دانت کی کھڑکیاں،زبان کی ہر کروٹ میں حلق کے کنارے تک پانی بہے۔روزہ نہ ہو تو غرغرہ بھی کرے تاکہ پانی ہر جگہ اچھی طرح پہنچ جائے،دانت میں کوئی چیز اٹکی ہوئی ہو جیسے گوشت کا ریشہ،چھالیہ کے ٹکڑے،پان کی پتی وغیرہ تو جب تک ہٹانا نقصان نہ دیتا ہو ان کا چھڑانا ضروری ہے۔اس کے بغیر کلی نہ ہوگی، کلی نہ ہوگی تو غسل بھی نہ ہوگا اور نہ ہی نماز ہوگی۔

۲۔ ناک میں پانی ڈالنا۔ یعنی دونوں نتھنوں میں جہاں تک نرم جگہ ہے وہاں تک دھونا کہ پانی کو سونگھ کر پانی کو اوپر چڑھائے تاکہ بال برابر جگہ بھی دھونے سے نہ رہ جائے،نہیں تو غسل نہ ہوگا،اگر ناک چھیدا ہوا ہو تو اس کے سوراخ میں بھی پانی بہانا ضروری ہے۔ناک کے اندر رینٹھ سوکھ گئی تو اس کا چھڑانا بھی فرض ہے اور ناک کے بالوں کا دھونا بھی فرض ہے۔

۳۔ پورے بدن پر پانی بہانا۔اس طرح کہ سر کے بالوں سے پاؤں کے تلووں تک جسم کے ہر حصے،ہر رونگٹے پر پانی بہہ جائے۔ بیٹھ کر نہانے کی صورت میں جسم کے جوڑ والے حصوں تک پانی پہنچانے میں بہت احتیاط کرے کہ کوئی حصہ رہ نہ جائے۔ اس لیے کہ اگر بال کی نوک بھی دھلنے سے رہ گئی تو غسل نہ ہوگا۔


متعلقہ

تجویزوآراء