مسواک کرنے کے مستحب اوقات
غایۃ الادراک میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ جن جن مقامات میں مسواک کرنا مستحب ہے وہ اتنے زیادہ ہیں کہ ان کا صحیح احاطہ کرنا اور بیان کرنا مشکل ہے، لیکن یہ کہنا تقریباً مغالطے سے خالی نہیں، اتنا مبالغہ بھی غیر مستحب ہے، حالاں کہ جو مقامات انہوں نے ذکر فرمائے ہیں وہ سب کے سب متداخل ہیں یعنی ایک میں بہت ساری جگہیں آجاتی ہیں، چنانچہ انہی کے طرز پر ذکر کرتے ہیں:
۱۔ وضو کے دوران مسواک سنّت ہے۔ فی سراج الظلام السواک لہ ای للوضوء فان المسواک عندنا من سنن الوضوء۔ سراج الظلام میں ہے کہ مسواک وضو کے لیے ہے، کیوں کہ مسواک ہمارے نزدیک وضو کی سنّتوں میں سے ہے۔
۲۔ منہ کے بدبودار ہونے کے وقت مسواک سنّت ہے، اس کے بہت سارے اقسام بن جاتے ہیں جن جن چیزوں سے منہ میں بدبو پھیلتی ہے ان میں سے ہر ایک کے استعمال اور واقع ہونے کے بعد مسواک سنّت ہے۔
۳۔ والقیام من النوم نیند سے اٹھنے کے بعد، کیوں کہ منہ میں بدبو ہوتی ہے۔
۴۔ گھر میں داخل ہونے کے وقت۔
۵۔ لوگوں سے ملاقات کے دوران۔
۶۔ قرآنِ مجید کی تلاوت کے دوران۔
۷۔ حدیثِ پاک پڑھنے کے دوران۔
۸۔ جب دانت زرد پڑجائیں۔
۹۔ بات شروع کرنے کے دوران خصوصاً جب طویل سکوت کے بعد کلام شروع کر رہا ہو۔
۱۰۔ وقت قیام بہ تہجد، تہجد کے لیے کھڑے ہونے کے دوران۔
۱۱۔ دانتوں کے بیچ سے جب بدبو آنے لگے۔
۱۲۔ غسل سے پہلے۔
۱۳۔ رات کی نماز کے شفعوں کے درمیان۔
۱۴۔ جمعہ کے دن کثرت سے مسواک۔
۱۵۔ نیند سے پہلے
۱۶۔ نمازِ وتر کے بعد
۱۷۔ وقتِ سحر
۱۸۔ نماز کے لیے کھڑے ہونے کے وقت