اسلامی نئے سال کا حقیقی پیغام

اسلامی نئے سال کا حقیقی پیغام۔۔۔!

اسلامی سال کا آغاز اوراختتام دونوں ہی قربانی پر ہوتا ہے ۔ ماہِ ذی الحجہ میں ہم سنتِ ابراہیمی اداکرکے قربانی کی یاد تازہ کرتے ہیں اور محرم الحرام کا مہینہ میدانِ کرب و بلا میں جگر گوشۂ رسولﷺ کی یاد تازہ کرنے کا مہینہ ہے ۔ گویا اسلامی سال کا آغاز بھی ہمیں اپنے اندر ایثار و قربانی کے جذبے کو پیدا کرنے کا پیغام دیتا ہے تو انجام بھی ۔1438 ھ کا یہ سالِ نو ایسے خوں آشام ماحول میں آیا ہے جب کہ ساری مسلم دنیا پریشاں حال اور تباہ کن حالات سے گزررہی ہے۔ یہ سچ ہے کہ مسلم دنیا میں نظام عدل وانصاف اور اصولِ امن و مساوات رائج کرنے کی جس قدر ضرورت آج محسوس کی جارہی ہے، اس سے قبل کبھی دیکھی نہیں گئی۔ آج ہمارے اندر سے ایثار و قربانی کا جذبہ ختم ہوتے جارہا ہے۔ ہم بات بات پر مرنے مارنے پر تل جاتے ہیں۔ ہمارے اندر سے احترام انسانیت بھی رخصت ہوتے جا رہا ہے۔ ہم شہری سطح سے اٹھ کر عالمی پیمانے پر اگر گذرے ہوئے سال پر ایک طائرانہ نظر ڈالیں تو دل ایک عجیب کرب ناک احساس سے دوچار ہوتا ہے۔ آج پوری دنیا میں مسلم اُمّہ کے درمیان سے احساسِ ذمہ داری ختم ہوتا جارہاہے۔ دورِ جدید میں دنیا نت نئ ایجادات سے مالامال توہو گئی ہے لیکن ان ایجادات کا استعمال زیادہ تر برائیوں کے پھیلاؤ کے لیے ہوتا جارہاہے یہی وجہ ہے کہ نہ تھمنے والے جرائم معاشرے کو تباہی وبربادی کے دہانے لگاتے جارہے ہیں۔ آج کساد بازاری، بے چینی، انارکی ، بے اطمینانی، بے حیائی ، اور بداعمالی عروج پر ہے ۔ہمارا معاشرہ بے راہ روی کا شکار ہے۔ بڑوں کا ادب اور چھوٹوں سے شفقت بھی ہم سے دور ہو چکی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج گھر گھر سے سکون ختم ہو چکا ہے۔  ہمیں اسلامی نئے سال کا استقبال کرتے ہوئے اپنا احتساب کرنا بے حد ضروری ہے کہ گذرا ہوا سال جس طرح خون رلاتا گیا اس طرح آنے والا سال نہ ہو۔نیا سال امن و آشتی کا پیغام بن کر آئے اور پوری دنیا میں پیار کا اجالا پھیلے ۔ اس کے لیے ہمیں اس اہم نکتے کو سمجھنا ہوگا جو اسلامی سال کے آغاز اور اختتام کے اندر پوشیدہ ہے۔ذی الحجہ میں قربانی کے ذریعہ سنت ابراہیمی کو ادا کرنے کے ساتھ ماہِ محرم الحرام میں ہم اس عظیم الشان قربانی کی یاد تازہ کرتے ہیں جس نے تاریخ کارخ موڑ دیا لیکن سچی بات یہ ہے کہ ہم میں وہ جذبۂ ابراہیمی اور ذوقِ حسینی بیدار کرنے کی ضرورت ہے جو اسلامی نئے سال کا حقیقی پیغام ہے۔ اور جو ہماری کامیابی کاضامن ہے۔


متعلقہ

تجویزوآراء