تعارفِ امیر اھلسنت مدظلہ العالی
شیخ طریقت، اَمیراَہلسنّت ،بانئ دعوتِ اسلامی، حضرت علامہ مولانا ابو بلال محمد الیاس عطار قادِری رَضَوی دامت برکاتہم العالیہ کی ولادت مبارکہ ۲۶ رَمَضانُ المبارَک ۱۳۶۹ھ بمطابق ۱۹۵۰ءمیں پاکستان کے مشہور شہر باب المدینہ کراچی میں ہوئی۔
آپ کے آباء واجداد
امیرِاَہلسنّت دامت برکاتہم العالیہ کے آباء واجدادہند کے گاؤں"کُتیانہ(جُوناگڑھ)" میں مقیم تھے۔ آپ دامت برکاتہم العالیہ کے دادا جان عبدالرحيم علیہ رحمۃ اللہ الکریم کی نيک نامی اورپارسائی پورے ""کتیانہ "" ميں مشہور تھی ۔جب پاکستان مَعْرِضِ وُجود میں آیا تو امیرِاَہلسنّت دامت برکاتہم العالیہ کے والدین ماجدین ہجرت کرکے پاکستان تشریف لےآئے۔ ابتدا میں بابُ الاسلام (سندھ) کے مشہور شہر حیدرآبادمیں قِیام فرمایا۔ کچھ عرصہ وہاں رہنے کے بعد بابُ الْمدینہ (کراچی) میں تشریف لائے اور یہیں سُکُونَتْ پذیرہوئے ۔
والدِ محترم
امیرِ اَہلسنّت دامت برکاتہم العالیہ کے والدِبُزُرگوارحاجی عبدالرَحمن قادِری علیہ رحمۃ اللہ الھادی باشرع اور پرہیز گارآدمی تھے ۔ اکثر نگاہیں نیچی رکھ کر چلا کرتے تھے ، انہیں بہت سی احادیث زبانی یاد تھیں۔ دنیاوی مال ودولت جمع کرنے کا لالچ نہیں تھا۔آپ علیہ رحمۃ اللہ الھادی سلسلۂ عالیہ قادِریہ میں بیعت تھے۔ (تعارفِ امیرِ اہلِسنّت)