2016-01-12
علمائے اسلام
متفرق
932
| سال | مہینہ | تاریخ |
یوم پیدائش | 1167 | | |
یوم وصال | 1236 | شعبان المعظم | 06 |
حضرت مولانا شاہ انوار الحق فرنگی محلی رحمۃ اللہ علیہ
نام ونسب: اسم گرامی:حضرت مولانا شاہ انوار الحق فرنگی محلی رحمۃ اللہ علیہ۔لقب:امام العلماء،فرنگی محلی،جامع المنقول والمعقول۔سلسلہ نسب اسطرح ہے:مولانا شاہ انوارالحق بن مولانا احمد عبدالحق بن مولانا محمد سعید بن ملک العلماء مولانا قطب الدین سہالوی۔علیہم الرحمۃ والرضوان۔
مقام ولادت: آپ کی ولادت باسعادت مولانا شاہ احمد عبدالحق کےگھر فرنگی محل لکھنؤ (ہند)میں ہوئی۔
تحصیل علم: آپ کاخاندان ایک علمی خاندان تھا،جہاں ہرطرف قال اللہ وقال رسول اللہﷺ کی صدائیں بلند ہوتی تھیں۔اس نورانی ماحول میں پروان چڑھے،بچپن سےہی سعادت کےآثار چہرے سےعیاں تھے۔ابتدائی تعلیم اپنےوالد گرامی امام العلماء ماہر علوم ِ دینیہ حضرت مولانا شاہ احمد عبدالحق صاحب علیہ الرحمہ سےحاصل کیے۔درسی کتب مولانا احمد حسین اورمولانا محمد حسن سےپڑھیں۔اور علوم ظاہرہ کی تکمیل بحرالعلوم مولانا عبدالعلی فرنگی محلی علیہ الرحمہ سےحاصل کی۔آپ کاشمار اس وقت کےعلماء راسخین میں ہوتاتھا۔
بیعت وخلافت: سترہ سال کی عمر میں اپنے والد گرامی مولانا شاہ احمد عبدالحق کےدست اقدس پر بیعت ہوئے،اور خلافت سےمشرف ہوئے۔
سیرت وخصائص: امام العلماء،جامع المنقول والمعقول،امام ِ شریعت،شیخ طریقت،صاحب تقویٰ وفضیلت،حضرت علامہ مولانا شاہ انوارالحق فرنگی محلی رحمۃ اللہ علیہ۔آپ کاشماراس وقت کےجید علماء ومشائخ اہل سنت میں ہوتا تھا۔آپ سےشرف تلمذ ونسبت پر فخر کیا جاتاتھا۔آپ سے سند ِ علم عظمت کی دلیل،اورشرفِ بیعت تقویٰ کی دلیل تھا۔آپ کی بزرگی اہل ہند میں مسلم تھی۔آپ معقولات کےامام تھے،لیکن اس میں رغبت نہیں تھی۔آپ منقولات میں زیادہ رغبت رکھتے،اور اکثر اسی کادرس دیتےتھے۔آپ کےاکثراوقات درس وتدریس ،وعظ ونصیحت،تزکیہ نفس،ذکر واذکار میں صرف ہوتےتھے۔کثرت کےساتھ عبادت وریاضت میں مشغول رہتےتھے۔بلکہ آپ کا ایک لمحہ بھی بغیر ذکر خداوندی صرف نہیں ہوتاتھا۔
اعلیٰ حضرت امام احمد رضاخان علیہ الرحمن کےپردادا مولانا حافظ کاظم علی خاں علیہ الرحمہ آپ کےمرید وخلیفہ تھے۔رئیس العلماء زبدۃ المشائخ حضرت مولانا نور الحق آپ کے بلند اقبال،صاحب ِعرفان ومقام صاحبزادے تھے،جن کے شاگرد حضرت شاہ آل رسول مارھروی (پیر و مرشد اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان) اور سیف اللہ المسلول مولانا شاہ فضل رسول بد ایونی اور مولانا فضل الرحمٰن گنج مراد آبادی تھے۔
تاریخ ِ وصال: آپ کاوصال 6/شعبان المعظم 1236ھ،مطابق8/مئی1821ء بروز منگل ہوا۔آپ کامزار پرانوارآپ کےباغ"باغ مولانا انوار"لکھنؤ (ہند)میں مرجعِ خلائق ہے۔
ماخذ ومراجع: تذکرہ علمائے اہل سنت۔
//php } ?>