2016-01-04
علمائے اسلام
متفرق
1362
| سال | مہینہ | تاریخ |
یوم پیدائش | 0460 | | |
یوم وصال | 0534 | ربيع الأول | 26 |
حضرت شیخ ابراہیم بن اسماعیل (زاہد صفار) رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ
ابراہیم بن اسمٰعیل بن احمد بن اسحٰق بن شیث بن حکم المعروف بہ زاہد صفار: ابو اسحٰق کنیت اور رکن الاسلام لقب[1]تھا،آپ اور آپ کے آباء و اجداد افاضل علمائے حنفیہ سے تھے اور اپنے وقت کے امام گزرے ہیں،آپ بڑے زاہد و پرہیز گار اور دین کے معاملہ میں کسی سے کچھ خوف نہ کرتے تھے،آپ کے باپ کو سلطان سنجر بن ملک شاہ نے شہر مرو میں لا کر بسایا۔آپ نے فقہ اپنے والد سے پڑھی اور نیز ان سے کتاب آثار الطحاوی اور کتاب کشف کو جو امام اعظم کے مناقب میں عبداللہ بن محمد بن یعقوب حارثی نے لکھی ہے،سُنا اور امام اعظم کی کتاب عالم و متعلم کو ابی یعقوب سیّاری سے اور امام محمد کی کتاب سیر الکبیر کو ابی حفص سے سماعت کیا۔حدیث کو اپنے والد اور حافظ ابی حفص عمر بن منصور بن حبیب اور ابی محمد بن عبد الملک بن عبد الرحمٰن وغیرہ سے حاصل کیا۔صفار آپ کو اس لیے کہا کرتے تھےکہ آپ کانسی کے برتن بیچا کرتے تھے۔آپ نےکتاب تخلیص الزاہد اور کتاب السنۃ والجماعۃ وغیرہ تصنیف کیں اور فخرالدین قاضیخان حسن بن منصور وغیرہ بڑے بڑے فضلاء نے آپ سے استفادہ کیا۔۲۶؍ربیع الاول کو بخارا میں فوت ہوئے۔تاریخ وفات آپ کی فرید الدہر ہے۔
آپ کے ایک بیٹے ابو المجاہد حماد بن ابراہیم صفار تھے جو بخارا کی جامع مسجد میں جمعہ کےروز امامت کرتے تھے اور علم ادب اصول و حدیث میں بڑے ماہر تھے جنہوں نے حدیث کو اپنے والد ماجد اور ابی علی اسمٰعیل بن احمد حسین بہیقی سے سُنا اور روایت کیا اور سمعانی شافعی نے کہا کہ میں نے بخارا میں آپ سے ملاقات توکی ہے مگر کچھ نہیں سُنا۔
1۔ ولادت عدود ۴۶۰ھ ’’جواہر المضیۃ‘‘(مرتب)
(حدائق الحنفیہ)