حضرت شاہ ابو سعید مجددی رام پوری
سال | مہینہ | تاریخ | |
یوم پیدائش | 1196 | ذوالقعدہ | 02 |
یوم وصال | 1250 | رمضان المبارک | 22 |
حضرت شاہ ابو سعید مجددی رام پوری (تذکرہ / سوانح)
حضرت شاہ ابو سعید مجددی رام پوری رحمۃ اللہ علیہ
نام ونسب:اسم گرامی:حضرت شاہ ابوسعیدرحمۃ اللہ علیہ۔لقب:عارف باللہ۔سلسلہ نسب اس طرح ہے:آپ کا سلسلہ نسب حضرت مجدد الف ثانی رحمۃ اللہ علیہ سے بایں طور ملتا ہے: حضرت مولانا شاہ ابو سعید مجددی رام پوری بن شاہ صفی القدر بن شاہ عزیز القدر بن شاہ عیسیٰ بن خواجہ سیف الدین بن خواجہ محمد معصوم سرہندی بن امام ربانی حضرت مجدد الفِ ثانی (علیہم الرحمۃ والرضوان)۔(تذکرہ کاملان رام پور:14)
تاریخِ ولادت: آپ کی ولادت باسعادت 2/ذیقعد 1196ھ،مطابق اکتوبر1782ءکورام پور(انڈیا) میں ہوئی۔
تحصیل علم:تقریباً دس سال کی عمر میں آپ نے قرآن شریف حفظ کرلیا بعد ازاں قاری نسیم سے علم تجوید حاصل کیا۔ آپ قرآن مجید ایسی ترتیل سے پڑھا کرتے تھے کہ سننے والے محو ہوجایا کرتے۔ حتیٰ کہ جب آپ حرم مکہ معظّمہ میں وارد ہوئے تو اہلِ عرب نے آپ کی قرأت سُن کر تعریف و تحسین کی۔ حفظ قرآن کے بعد علوم عقلیہ و نقلیہ مفتی شرف الدین اور مولانا رفیع الدین بن شاہ ولی اللہ محدث دہلوی سے حاصل کیے ۔حدیث کی سند اپنے مرشد سے اور حضرت شاہ سراج احمد بن حضرت محمد مرشد مجددی اور شاہ عبد العزیز دہلوی سے حاصل کی۔(تذکرہ مشائخِ نقشبندیہ:439)
بیعت وخلافت: اپنے والد گرامی سےآبائی طریقے پر مرید ہوئے،اور والد صاحب کےایماء پر حضرت شاہ درگاہی سےبیعت ہوئے۔حضرت شاہ صاحب درگاہی نے آپ کے حال پر بڑی عنایت فرمائی اور چند ہی روز میں آپ کو اجازت و خلافت عطا فرمائی۔ابھی تشنگی باقی تھی آپ نےحضرت قاضی ثناء اللہ پانی پتی کوخط لکھا،انہوں نےجواب میں ارشاد فرمایا: کہ اس وقت میری نظر میں حضرت شاہ غلام علی دہلوی سےبہترکوئی نہیں۔پھر آپ حضرت شاہ غلام علی دہلوی کی خدمت میں حاضر ہوئے اور ابتدا سے انتہا تک تمام سلوک مجددیہ بتفصیل وکمال ان سے حاصل کیا۔شاہ صاحبنے خاص عنایت فرماکر خلافت سےمشرف فرمایا،اور اپنی خانقاہ میں اپنا قائم مقام بنایا۔(ایضا:439)
سیرت وخصائص: امام العلماء والعارفین،سندالمتقین،آفتاب شریعت،ماہتاب طریقت،مجمع البحرین حضرت شاہ ابوسعید مجددی رام پوری ۔آپ علیہ الرحمہ سلسلہ عالیہ نقشبندیہ مجددیہ کےاہم شیخ طریقت اور عارف باللہ مجددوقت حضرت شاہ غلام علی دہلوی کےخلیفۂ اعظم تھے۔آپ تمام علوم ومعارف کے جامع تھاورحضرت امام ربانی حضرت مجدد الف ثانی کے خاندان کےفرد فرید تھے۔ابتدائے عمر ہی سے آثارِسعید آپ میں پائے جاتے تھے۔ فرماتے تھے کہ مجھے اوائل عمر میں شہر لکھنؤ جانے کا اتفاق ہوا۔ ہم ایک مکان میں اُترے راستے میں ایک درویش ستر برہنہ بیٹھا ہوتا مگر جب وہ مجھے دیکھتا تو ستر درست کرلیتا۔ کسی نے اُس سے سبب دریافت کیا۔ اُس نے جواب دیا کہ ایک وقت آنے والا ہے کہ ان کو ایسا منصب حاصل ہوگا کہ اپنے اقارب کے مرجع ہوں گے چنانچہ ایسا ہی وقوع میں آیا۔(تذکرہ مشائخِ نقشبندیہ:438)
عین تحصیل علم میں خدا طلبی کا شوق پیدا ہو۔ پہلے اپنے والد بزرگوار سے ارادت کی جو اپنے آبائے کرام کے طریقہ پر مستقیم اور تارک دنیا اور ہر وقت اوراد و اشغال میں مشغول رہتے تھے پھر اُن کی اجازت سے حضرت شاہ درگاہی کی خدمت میں حاضر ہوئے جن کا سلسلہ دو واسطہ سے حضرت خواجہ محمد زبیر قدس سرہ سے ملتا ہے۔ حضرت شاہ درگاہی کو استغراق اس قدر رہتا تھا کہ نماز کے وقت مرید آپ کو آگاہ کردیا کرتے تھے اور توجہ ایسی تیز تھی کہ اگر ایک وقت میں سو آدمیوں کی طرف متوجہ ہوتے تو سب بیہوش ہوجایا کرتے تھے۔ حضرت شاہ صاحب نے آپ کے حال پر بڑی عنایت فرمائی اور چند ہی روز میں آپ کو اجازت و خلافت عطا فرمائی۔ آپ کے بہت سے مرید ہوگئے اور حلقہ میں بیہوشی و وجد اور صَیحہ (چیخ)و نعرہ ہوا کرتا۔ چوں کہ نسبت مجددیہ میں یہ امور مرتفع ہوجاتے ہیں اور صحابہ کرام کی مثل کمال افسردگی اور آسودگی میں عمر گزرتی ہے۔ایک مرتبہ رامپور میں حضرت شاہ غلام علی کی بھی زیارت کی تھی اس لیے ابھی طلبِ خدا باقی تھی آپ رامپور سے دہلی تشریف لے گئے وہاں پہنچ کر قاضی ثناء اللہ پانی پتی کو اپنی خدا طلبی کے بارے میں ایک خط لکھا۔ جس کے جواب میں حضرت قاضی صاحب نے نہایت تعظیم سے آپ کو تحریر فرمایا کہ اس وقت شاہ غلام علی سے بہتر کوئی نہیں۔ پس آپ بتاریخ 7 محرم الحرام 1225ھ میں حضرت شاہ صاحب کی خدمت میں حاضر ہوئے اور ابتدا سے انتہا تک تمام سلوک مجددیہ بکمال تفصیل حاصل کیا۔
خاص عنایت:حضرت شاہ غلام علی قدس سرہ آپ کے حال پر خاص عنایت فرماتے تھے چنانچہ ماہ صفر 1230ھ میں حضرت نے آپ کو اپنے سینے سے لگایا اور دیر تک توجہ فرمائی اور اپنی ضمنیت سے مشرف فرمایا اور 11/ جمادی الاول 1231ھ میں فرمایا:’’میرے بعد اس مکان میں میاں ابو سعید بیٹھیں اور حلقہ و مراقبہ اور درس حدیث وتفسیر میں مشغول ہوں‘‘۔ حضرت کی ایسی عنایات بعض لوگوں پر ناگوار گزرتی تھیں۔ چنانچہ فرماتے ہیں:’’بعض لوگ کہتے ہیں کہ ان کے حال پر اس قدر عنایت کس واسطے ہے وہ یہ نہیں سمجھتے کہ میاں ابو سعید اپنے پانچ سو مریدوں کو چھوڑ کر میرے پاس آیا ہے اور اس سے پہلے وہ خرقہ خلافت دوسرے مشائخ سے لے چکے ہیں پس اپنے مرشد کی عین حیات میں انہوں نے خلافت و اجازت کو چھوڑ کر میری بیعت کا حلقہ اپنے اخلاص کی گردن میں ڈالا اور پیری کو چھوڑ کر مریدی کی طرف آگئے وہ کس طرح مورد عنایت اور مصدر ہمت نہ ہوں‘‘۔جمادی الاولیٰ 1233ھ میں حضرت نے آپ کو قیومیت کی بشارت دی اور فرمایا: ’’مجھے الہام ہوا ہے اس لیے تجھ سے ارشاد کیا گیا‘‘۔الغرض آپ پندرہ سال حضرت شاہ صاحب کی خدمت میں رہے حضرت نے اپنے مرض موت میں آپ کو بذریعہ خط لکھنو سے بلایا اور خانقاہ کا نظام آپ کےسپرد کیا۔ حضرت شاہ صاحب کے انتقال کے بعد آپ قریباً نو سال تک مسندِ ارشاد پر ہے۔ اور طالبانِ خدا نے بکثرت آپ سے استفادہ کیا۔ اس عرصے میں آپ نے تلخی و سختی اور فقر و فاقہ اور تمام تکالیف جو اولیاء اللہ کاشیوہ ہیں خندہ پیشانی سے استقبال کیا۔(ایضا:440)
فضل وکمال: آپ کےایک مرید میاں محمد اصغر کا بیان ہے کہ کبھی کبھی نمازِ تہجد مجھ سے فوت ہوجاتی تھی میں نے آپ کی خدمت میں عرض کیا۔ فرمایا کہ ہمارے خادم سے کہہ دو کہ تہجد کے وقت ہمیں یاد دلا دیا کرے۔ اُٹھا کر بٹھادینا ہمارا ذمہ ہے باقی تمہارا اختیار ہے چناں چہ ایسا ہی ہوا کہ گویا کوئی مجھے تہجد کےوقت اٹھاکر بٹھا دیتا ہے۔اسی طرح آپ کے ایک اور مرید پر ایسا استغراق غالب ہوا کہ خلوت میں نماز کے وقت قبلہ کی پہچان نہ رہتی اُس نے مجبور ہوکر آپ سے عرض کیا آپ نے فرمایا کہ تحریمہ کے وقت میری طرف متوجہ ہوا کر میں تجھے قبلہ کی طرف متوجہ کردیا کروں گا۔ چنانچہ ایسا ہی ہوتا کہ جب وہ تحریمہ کے وقت آپ کی طرف متوجہ ہوتا تو آپ ظاہر ہوکر قبلہ کی طرف اشارہ کردیتے اور یہ اتفاق مدتوں تک رہا۔یہی مرید صاحب استغراق بیان کرتا ہے کہ ایک مرتبہ اہلِ خانقاہ میں جھگڑا پیدا ہوا۔ اور بہت شور و شغب ہوا رات کے وقت میں نے خواب دیکھا کہ جناب سرور عالم ﷺ خانقاہ میں تشریف لائے اور خفا ہوکر فرماتے ہیں کہ فلاں فلاں شخص کو خانقاہ سے نکال دو اِس خوف سے کہ کہیں میرا نام بھی نہ لے لیں اُس مرید کی آنکھ کھل گئی۔ یہ حیران و پریشان آپ کی خدمت میں حاضر ہوا۔ آپ اُس وقت تہجد کےلئے وضو فرما رہے تھے اُس کو دیکھ کر فرمایا کہ تم کیوں گھبراتے ہو۔ تمہارا نام تو نہیں لیا نمازِ صبح کے بعد آپ نے اُن اشخاص کو جن کا نام جناب رسالت مآب ﷺ نے لیا تھا خانقاہ سے نکال دیا۔(ایضا:441)
تاریخِ وصال: 22/رمضان کو ریاست ٹونک میں علیل ہوئے،صاحبزادہ حضرت شاہ عبد الغنی محدث شہیر ہمراہ تھے،سکرات موت شروع ہوئی تو ان کو وصیت فرمائی کہ اتباع سُنّت کرنا،اور اہل دنیا سے پرہیز کرنا،اگر دنیا داروں کے پاس جاؤگےتو ذلیل وخوار ہوجاؤگے،ورنہ دُنیا دار کُتّوں کی طرح تمہارے دروازے پر چکر لگائیں گے۔ پھر حافظ سے سورۂ یٰسین کی تلاوت کے لیے فرمایا،تین بار سُن کر فرمایا۔اب نہ پڑھو،بہت تھوڑاٹائم باقی ہے۔عید الفطر بروز ہفتہ 1250ھ مطابق 31/جنوری 1835ءکوعصر و مغرب کے درمیان انگشت شہادت کو حرکت دیتے ہوئے واصل بااللہ ہوئے۔لاش تابوت میں رکھ کر دہلی لائی گئی۔چالیس روز بعد حضرت شاہ غلام علی قدس سرہٗ کے پہلو میں دفن کیے گئے۔اتنی مدت گذرنے کے بعد بھی معلومہوتا تھا کہ ابھی غسل دیا گیا ہےروئی سے خوشبو آتی تھی،جسے لوگ بطور تبرک لے گئے۔(تذکرہ علمائے اہل سنت:13)
ماخذ ومراجع:تذکرہ کاملان رام پور۔تذکرہ مشائخ نقشبندیہ۔تذکرہ علمائے اہل سنت۔