2016-02-24
علمائے اسلام
متفرق
1051
| سال | مہینہ | تاریخ |
یوم پیدائش | 1306 | | |
یوم وصال | 1391 | جمادى الأولى | 18 |
حضرت شاہ غلام رسول قادری رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ (سولجر بازار، قادری مسجد)
اسمِ گرامی: آپ کااسمِ گرامی حضرت مولانا الحاج حافظ قاری غلام رسول قادری بن حافظ قاری علم الدین قادری رحمۃ اللہ علیہما تھا۔
تاریخِ ولادت:آپ 1306ھ میں کراچی" صدر" میں مسجد قصابان سے ملحقہ مکان میں تولد ہوئے۔
تحصیلِ علم:آپ کی تعلیم و تربیت خود آپ کے والد ماجد حافظ قاری علم الدین قادری کی زیر نگرانی انہی کے ’’مدرسہ العلمیہ قادریہ ‘‘متصل مسجد قصابان صدر میں ہوئی آپ نے علوم دینی کے ساتھ ساتھ تجوید و حفظ قرآن کی تکمیل کی۔ اپنے والد کے علاوہ بھی آپ نے جید قراء و علما ء ِدین سے قرآن کی تعلیم حاصل کی۔ آپ خود ارشاد فرماتے ہیں کہ "میں اٹھارہ سال تک بہت بڑے جید قاری نظام محمد صاحب سے قرآن مجید پڑھتا رہا ہوں "۔
بیعت و خلافت : آپ نے جوانی میں روضہ نبوی ﷺ کے زیر سایہ"باب الرحمت"میں حضرت مولانا عبداللطیف قادری مہاجر مدنی سے سلسلہ قادریہ چشتیہ میں بیعت ہوئے جو کہ ہندوستان سے ہجرت فرماکر مدینہ منورہ میں مقیم ہو گئے تھے۔ علاوہ ازیں اپنے خاندانی بزرگ، ماموں و خسر حضرت صوفی سائیں عبدالغفار قادری قلندری سے بھی آپ نے حصولِ برکت کے لئے بیعت کی۔ رحمۃ اللہ علیہم اجمعین
سیرت وخصائص: حضرت شاہ غلام رسول قادری رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کواوائل عمر ہی سے دینی تعلیم کا ذوق اور فقر و درویشی سے شغف رہا ۔ آپ نہ صرف مختلف زبانوں پر مہارت تامہ رکھتے تھے بلکہ ایک شعلہ بیان خطیب ، بہترین نعت گو شاعر تھے ۔ آپ کی تمام عمر مواعظہ حسنہ اور تبلیغ و اشاعتِ دین میں گذری ۔ آپ نے عہد جوانی میں فرئیر اسٹریٹ صدر کراچی میں"انجمن حزب الاحناف "کی بنیاد 1913ء میں رکھی، جس کے آپ صدر تھے۔ جمعیت الاحناف کے تحت ہر ماہ جامع مسجد قصا بان ( صدر، کراچی) میں ایک جلسہ کا انعقاد ہوتا تھا ۔اسی طرح جمعیت الاحناف کے صدر دفتر میں سالانہ عظیم الشان جلسہ کا اہتمام بھی کیا گیا تھا جس میں اندرون و بیرونِ شہر سے علماءِ اہل سنت و عمائدینِ ملت بھی مدعو کئے جاتے ۔ جلسہ میں نعرہ تکبیر و رسالت، تسبیح و تحمید استغفار و اذکار کاشغل، صلوۃ و سلام کا ورد ، آیاتِ قرآن مجید کی تلاوت اور مختصر وعظ اور وعظ سے قبل اور بعد نعت خوانی اور اختتام پر سلام و قیام بھی قواعد و ضوابط میں شامل تھا۔ آپ کے تبلیغ دین کے ذرائع میں بڑے بڑے مذہبی تہوار مثلاً میلاد النبی ﷺ، معراج النبی ﷺ شب برات ، شب قدر ، گیارہویں شریف اور ہفتہ وار حلقہ ذکر شریف شامل تھے۔ علاوہ ازیں آپ روزانہ بعد نماز عصر خصوصی طور پر حاضرین سے خطاب فرماتے تھے۔ محرم الحرام کی چاند رات سے عاشورہ تک آپ حضور اکرام ﷺ سے لے کر خلفائے راشدین ، اہل بیت عظام خصو صاً حسنین کریمین شہدائے کربلا رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین کے شہادت کے واقعات بیان فرماتے تھے۔
تحریک پاکستان کے موقع پر قاری غلام رسول نے قیام پاکستان کے حوالہ سے بھی نمایاں خدمات انجام دی ہیں ۔ آپ نے ہم عصر مقتدر علماء و مشائخ اہل سنت کے ساتھ مل کر عوام میں دینی و روحانی شعور بیدار فرمایا اور دینی جلسوں کی صدارت فرماتے ہوئے تحریکِ پاکستان کو بھر پور تقویت فراہم کی۔ 12، 13اکتوبر1946ء میں"سنی کانفرنس کراچی" آپ ہی کی صدارت میں منعقد کی گئی تھی ۔ جس میں پاکستان بنانے پر زور دیا گیا ۔
تاریخِ وصال: آپ کا وصال طویل علالت کے بعد18جمادی الاول 1391ھ /بمطابق جولائی1971ء بروز منگل تقریباً ساڑھے آٹھ بجے شب ہوا ۔ بروز بدھ بعد نمازِ ظہر مریدین و معتقد ین اور علماء و مشائخ کی موجودگی میں کراچی کے مشہور پارک" نشتر پارک" کے میدان میں حضرت مولانا سید محمد یوسف عزیز الملک سلیمانی کی اقتداء میں آپ کی نماز جنازہ ادا کی گئی ۔ آپ کا مزار شریف آپ کی قائم کردہ "قادری مسجد" ( سولجر بازار کراچی ) کے احاطہ میں مرجع عام و خاص ہے۔
ماخذومراجع: انوارِ علماء اہلسنت
//php } ?>