محسن اہلسنت

محسن اہلسنت

پیر سید محمد نوید الحسن شاہ مشہدی

سجادہ نشین درگاہ حضرت حافظ الحدیث، بھکھی شریف ،ضلع منڈی بہاﺅالدین

______________________________________________________

 

مشہور مقولہ ہے : مَوْتُ الْعَالِمِ مَوْتُ الْعَالَمِ

ترجمہ : عالِم کی موت عالَم کی موت ہے ۔

                ایک عالم دین کا دنیا سے اٹھ جانا عالم اسلام کے یتیم ہونے کے مترادف ہے ،دنیا میں کچھ ہستیاں ایسی ہوتی ہیں جن کے عالم برزخ میں جانے سے مسلک کا ناقابل تلافی نقصان ہوتا ہے جن میں سے پیر طریقت ،رہبر شریعت،محسن اہل سنت، حضرت علامہ سید شاہ تراب الحق قادری رحمة اللہ علیہ بھی ہیں جن کا اٹھ جانا عالم اسلام کے لیے عظیم سانحہ ہے ،جن کا خلا مدتوں پر نہیں ہو سکے گا۔

                 پیر طریقت ،رہبر شریعت،محسن اہل سنت حضرت شاہ تراب الحق قادری رحمة اللہ علیہ مسلک حق کے صحیح ترجمان اور اعلیٰ حضرت کے مسلک کی پہچان تھے ۔آپ رحمة اللہ علیہ کراچی میں سینکڑوں مساجدو مدارس اور دیگر رفاہی اداروں کی سرپرستی فرماتے تھے اور درجنوں کتابوں کے مصنف تھے۔حضرت شاہ تراب الحق قادری رحمة اللہ علیہ نے ساری زندگی مقام مصطفیﷺ کے تحفظ اور نظام مصطفی ﷺ کے نفاذ کے لیے وقف کررکھی تھی۔آپ رحمة اللہ علیہ فکر ِرضا کے متوالے تھے،آپ رحمة اللہ علیہ کے دعوت وتبلیغ کے کام کا فیضان صرف پاکستان نہیں بلکہ بیرون ممالک میں بھی نظر آتا ہے۔آپ رحمة اللہ علیہ ایک عظیم عالم باعمل تھے۔آپ رحمة اللہ علیہ کی دینی ،مذہبی ،ملی اور ملکی خدمات کو مدتوں خراج عقیدت پیش کیا جاتا رہے گا۔

                حضرت پیر سیدشاہ تراب الحق قادری رحمة اللہ علیہ دنیا ئے اسلام کے نامور عالم دین اور خدمت خلق کا جذبہ رکھنے والے انسان تھے۔ آپ نے تحریک ختم نبوت اور تحریک نفاذ نظام مصطفیﷺ میں فعال کردارادا کیا ۔آپ رحمة اللہ علیہ نے حقوق اہل سنت کے لیے عملی جدوجہد کی اور مسلک حق کی ترویج واشاعت میں فعال اور نمایاں کردارا دا کیا اور آپ رحمة اللہ علیہ نے اپنے وابستگان اور اہل سنت کے لیے حسن عقیدہ اور حسن کردار کی شمع فروزاں کی ہے جس سے راہ حق پر چلنے والوں کے لیے روشنی میسر رہے گی ۔

                حضرت شاہ تراب الحق قادری رحمة اللہ علیہ کا دنیا سے تشریف لے جانا اہل سنت کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے۔،اللہ تعالیٰ حضرت شاہ صاحب رحمة اللہ علیہ کے درجات بلند فرمائے اورصاحبزادگان ،تلامذہ اور مریدین کو ان کے نقش قدم پہ چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین


متعلقہ

تجویزوآراء