مصلح اور کامیاب خطیب
مصلح اور کامیاب خطیب
حضرت مفتی محمد شعیب رضا بریلی شریف
______________________________________________________
شاہ صاحب یعنی علامہ سید تراب الحق قادری کے انتقال پرملال کی خبر پڑھ کر دل پر چوٹ لگی استرجاع پڑھا انا للہ وانا الیہ راجعون ۔اللہ شاہ صاحب کو غریق رحمت کرے اور آپ کی اولاد واحباب کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔
میں 2005 میں تاجدار اہل سنت حضور تاج الشریعہ کے ساتھ پاکستان گیا تھا اور میری پہلی ملاقات شاہ صاحب سے ان کی مسجد میں بروز جمعہ ہوئی، حضور تاج الشریعہ نےنماز جمعہ ادا کرائی اور میں نے نماز جمعہ سے قبل خطاب کیا جس میں شاہ صاحب نے تاجدار اہل سنت کا تعارف کرایا اور فقیر کے لیے بھی دعائیہ تعارفی کلمات کہے ۔
پھر کئی جگہوں پر ہمارے پروگرام ہوئے اور شاہ صاحب ہر پروگرام میں جلوہ افروز رہتے تھے ۔ تاریخی پروگرام کرا چی کی میمن جامع مسجد میں ہوا تھا جس میں دسیوں ہزار عوام تھے اور سینکڑوں علما ءکا جم غفیر تھا۔ اس اجلاس کی صدارت شاہ صاحب نے فرمائی تھی ۔فقیر قادری نے اس اجلاس میں پیر شاہ کرم ازہری کی تحذیر الناس کی تصدیق کے مسئلہ پر خطاب کیا تھا جس کی تصدیق شاہ صاحب نے بھی فرمائی تھی ۔
2008 میں جرمنی کے ایک شہر میں میلاد النبی ﷺکے اجلاس میں ساتھ ہوا، وہاں پر شاہ صاحب نے میرا تعارف کرایا اور تعارف ہی میں مسلک اعلی حضرت کی حقانیت پر پورا خطاب فرمادیا ، اور فرمایا آپ لوگ ویڈیو گرافی بند کریں تب یہ تشریف لائیں گے،پھر جب تک میں میلا د مصطفے صلی اللہ علیہ وسلم بیان کرتا رہا شاہ صاحب ہمہ تن گوش ہوکر سنتے رہے اور عشق نبی صلی اللہ علیہ وسلم میں ان کے آنسو بہتے رہے ۔
2014 میں ڈربن جنوبی افریقہ میں ملاقات ہوئی ۔ اس وقت شاہ صاحب علاج کے لیے وہاں تشریف لے گئے تھے، محب مکرم مترجم بہار شریعت حضرت مولانا مفتی آفتاب قاسم صاحب نے عرس نوری امجدی کی دعوت پیش کی، شاہ صاحب نے باوجود علالت کے اجلاس کی شرکت کی دعوت قبول فرماکر شریک اجلاس ہوئے اور بہت پر مغز خطاب بھی فرمایا اور آواز میں وہی شیر کی للکار تھی۔ ڈربن میں دوجگہ دعوت میں بھی ملاقات ہوئی، یہ میری شاہ صاحب سے آخری ملاقات تھی ۔
شاہ صاحب پرمزاح اور بے تکلف آدمی تھے مگر بارعب تھے۔شاہ صاحب بات کہنے کا ڈھنگ بہت اچھا جانتے تھے ، آپ گونا گوں خوبیوں کے مالک تھے ،تقریر وتحریر کا یکساں ملکہ تھا، آپ مصلح اورکامیاب خطیب تھے اور بہترین مصنف بھی تھے، اورمسلک اعلی حضرت کی پابندی کے ساتھ کامیاب سیاستدان بھی تھے ،آپ پاکستان کے ایم این اے بھی رہے۔ آپ سرکار مفتی اعظم کے مرید وخلیفہ بھی تھے۔