حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کی ولادتِ باکرامت

حضرت  امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی ولادتِ باکرامت

نواسہ رسول ،جگرگوشہ بتول امامِ عالی مقام حضرتِ سیِّدُناحسین بن علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی پیدائش ۴ شعبان المعظم ۴ھ میں مدینہ منورہ میں ہوئی ۔ نانائے حَسَنَین،رحمتِ دارین، تاجدارِ حَرَمَین، سرورِ کَونَین صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے داہنے کان میں اذان دی اور بائیں میں تکبیر پڑھی اور اپنے دہن مبارک سے تحنیک فرمائی اور دعاؤں سے نوازا۔ساتویں دن آپ کا نام حسین رکھا اور ایک بکری سے عقیقہ کیا اور آپ کی والدہ محترمہ خاتونِ جنت حضرتِ سیِّدَتُنا فاطمہ زہرا رضی اللہ تعالیٰ عنہاسے ارشاد فرمایا : حسن رضی اللہ تعالیٰ عنہ(یعنی حضرتِ علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے بڑے بیٹے) کی طرح اس کا سرمنڈا کر بالوں کے برابر چاندی خیرات کرو۔""امامِ حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی کنیت ابوعبداللہ اور مشہور القابات سیدالشہداء،شہیدِ کربلا،ذکی ،مبارک ، سبطِ رسول ، ریحانۃ الرّسول ہیں۔آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے آغوشِ رسالت میں تربیت پائی ۔آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے نانا جان حضور پُرنُور صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلم آپ سے بہت محبت فرماتے تھے چنانچہ ایک مرتبہ ارشاد فرمایا:""حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ مجھ سے ہے اورمیں حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے ہوں ،اللہ عَزّوَجَلَّ دوست رکھے اسے جوحسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کودوست رکھے، حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ سبط ہے اسباط سے ۔"" (سنن الترمذی،کتاب المناقب،الحدیث۳۸۰۰، ج۵،ص۴۲۹)


متعلقہ

تجویزوآراء