نام ونسب: کنیت: ابو الفرح۔ اسم گرامی: شیخ محمد یوسف۔لقب: راحت المسلمین۔والد کااسم گرامی: شیخ عبدا للہ طرطوسی ۔ شام کے خوب صورت شہر ’’طرطوس‘‘ کی نسبت سے’’طرطوسی‘‘ کہلاتے ہیں۔
تحصیلِ علم: آپمروجہ علوم اسلامی کے ماہر کامل اور فاضل متبحر تھے۔علم الاخلاق اور تصوف میں امام تھے۔
بیعت وخلافت: حضرت شیخ عبد الواحد تمیمی کےدستِ حق پرست پر بیعت ہوئے، اور مجاہدات و سلوک کے بعد خلافت سے مشرف ہوئے۔آپ حضرت شیخ عبدالواحد تمیمی کے اجل اور اعظم خلفاء میں سے ہیں۔
سیرت و خصائص: قدوۂ اولیاء، سیدِ زمان ، زبدۂ مشائخ جہاں حضرت شیخ ابوالفرح محمد یوسف طرطوسی ۔ آپ سلسلہ عالیہ قادریہ رضویہ کے چودہویں(14) امام اورشیخِ طریقت ہیں۔ آپ ولی کامل اور عالم وفاضل جمیع علوم ظاہری وباطنی ہیں۔ آپ بہت بڑے صاحبِ کرامت بزرگ تھے۔ اور صبر وتوکل میں آپ کامقام بہت بلند ہے۔ زمانے کے علماء ومشائخ نے آپ کومنفرد وقت جانا اور مانا ہے، آپ عظیم خوبیوں کے مالک تھے، اور اپنے پیرومرشد کے نقش قدم پر رہ کر خلق خدا کی ہدایت کا عظیم فرض انجام دیا اور دین متین کی وہ خدمات انجام دیں کہ آج بھی آپ کانقش قدم فیض روحانی کاسرچشمہ ہے، تجریدو تفرید میں یگانۂ وقت تھے۔شہر طرطوس ملک شام کے عمدہ ترین شہروں میں سےایک بہترین شہر تھا۔ آپ نے اس شہر کواپنے قیام کے لئے منتخب فرمایا اوراسی شہر میں بودو باش اختیار فرمائی اس لئے آپ طرطوسی کہے جانے لگے ۔ اس شہر میں آپ نے قیام فرماکرصفحاتِ سِیر پر اس کے نام کو بلند فرمادیا اوراس کے مجہول نام کواوج ثر یا پر پہنچا دیا ۔ سچ ہے کہ جوزمین کسی مردِ خدا کو مقتدا نہ طور پراپنی آغوش میں لے لیتی ہے تووہ زمین باعثِ تعظیم ولائق تقدیس ہوجاتی ہے۔ اس کے نظائر ہمیں بہت سے شہروں اور مقامات میں نظر آتی ہیں۔چھوٹے چھوٹے گمنام قصبےدنیا میں ان نفوس قدسیہ کی بدولت مشہور و مقبول ہوجاتے ہیں۔میرے سامنےاس کی ایک نظیر پاکستان کا ایک دور دراز اور پسماندہ علاقہ ’’تونسہ شریف‘‘ بھی ہے،جو اکیسویں صدی میں بھی بنیادی انسانی ضروریات سے محروم ہے، لیکن اس کا نام پیر پٹھان حضرت شاہ محمد سلیمان تونسوی کی بدولت پوری دنیا میں روشن ہے۔اس طرح کی بےشمار مثالیں دنیا میں موجود ہیں۔
تاریخ وصال: آپ کاوصال 3؍ شعبان المعظم بروزہفتہ 443 ھ، مطابق 27؍ اکتوبر 1055ء کو خلیفہ القائم بامرا للہ عباسی کے عہد میں طرطوس میں ہوا۔
خلفاء: آپ کے صرف ایک خلیفہ کانام کتبِ سِیرمیں ملتاہے جوحضرت شیخ ابو الحسن علی ہکّاریہیں ۔
مزار مبارک: آپ کامزار مقدس شام کے شہر طرطوس میں مرجع خلائق ہے۔
شجرہ شریف میں اس طرح ذکر ہے:
بُو الْفَرَح کا صدْقہ کر غم کو فَرَح ،دے حُسن وسَعد ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ بُوالْحَسَن اور بُو سَعیدِ سَعْد زا کے واسِطے
//php } ?>