حضرت مولانا غلام جیلانی میرٹھی رحمۃ اللہ علیہ
نام ونسب:۔ وحیدالعصر حضرت مولانا غلام جیلانی ،بن مولاناحاجی غلام فخر الدین ،بن مولانا حکیم سخاوت حسین فخری سلیمانی ۔ آپکے دادا بزرگوار نےآپکا نام غلام محی الدین جیلانی رکھا۔
تاریخ ِ ولادت:۔۱۱،رمضان المبارک، ۱۳۱۷ ھ ،بمطابق ۱۹۰۰ ء ،ریاست دادوں ضلع علی گڈھ میں پیدا ہوئے۔
تحصیل ِعلم:۔آپ کی ابتدائی تعلیم و تربیت گھر پر ہوئی،بعد ازاں جامعہ نعیمیہ مرادآبادمیں داخلہ لیا۔آپ نےوقت کے مایہ ناز مندرجہ ذیل علماء کرام سے اکتسابِ فیض کیا! صدر الافاضل مولانا سید نعیم الدین مراد آبادی ،حجۃ الاسلام مولانا حامد رضا خان، صدرالشریعہ حکیم محمد امجد علی اعظمی ،حضرت مولانا عبد العزیزصاحب فتح پوری،مولانا امتیاز احمد امبیٹھوی،مولانا سید عبد المجید ،مولانا عبد الحی افغانی ، حضرت مولانا عبداللہ افغانی ، مولانا سید امیر احمد پنجابی(رحمۃ اللہ علیہم اجمعین)
بیعت وخلافت:۔ آپ کو بیعت و خلافت کا شرف شیخ المشائخ حضرت مولانا شاہ علی حسین اشرفی کچھوچھوی سے حاصل ہے۔
سیرت وخصائص:۔ آپ تا حیات درس وتدریس سے منسلک رہے،اپنے علمی خزانہ کے گوہرہائے آبدار کی چمک سے رشد وہدایات کے مینار تعمیر کئے ،علوم وفنون کے دریا بہائے، مسندِ تدریس کو عروج وکمال تک پہنچایا،ترقی کی بلند ترین منازل سے مزین کیا،آپ کی ذات ملجائے خواص وعام اور مرجعِ اصاغر واکابرتھی،وقت کے ممتاز علماء وفقہاء نے آپ کے سامنے زانوئے علم وادب تہہ کئے،آپ کی کوششوں سے علوم وفنون کی ترویج ہوئی، آپ کی علمی بصیرت اور دینی خدمات کا زمانہ معترف ہے،آپ کی مثالی اور عبقری شخصیت نے تحقیقی اور تجدیدی خدمات سے علم میں ایک نئی جان ڈال دی۔آپکے تبحّرِ علمی کے پیشِ نظر اسوقت کے کاملین نے آپکو "صدرالعلماء "اور"صدرالمدرسین "کے خطاب سے نوازا۔
وصال:۔آپ نے ۲۹ جمادی الاولی ۱۳۹۸ ھ بمطابق ۸مئی۱۹۷۸ ء کو وصال فرمایا، آپ کا مزار مبارک مدرسہ اسلامیہ عربیہ اندر کوٹ میرٹھ (ہند) میں زیارت گاہِ خواص وعوام ہے۔
//php } ?>