اہلسنت کے عظیم محافظ و عظیم رہنما
اہلسنت کے عظیم محافظ و عظیم رہنما
علامہ محمد بابر رحمانی قادری
مدینہ مسجد ،کرولٹن، ڈلاس، یوایس اے
______________________________________________________
آج اس عظیم ہستی کے وصال پر تمام عالم اسلام بالخصوص اہل سنت انتہائی غمگین اور افسردہ ہے جن کو دنیا پیر طریقت رہبر شریعت شہنشاہ خطابت حضور سید شاہ تراب الحق قادری رحمة اللہ علیہ کے نام سے یاد کرتی ہے۔ دل ابھی تک اس حقیقت کو قبول کرنے کو تیار نہیں کہ سید قبلہ شاہ تراب الحق قادری وصال پاگئے ہیں۔
قبلہ شاہ صاحب رحمة اللہ علیہ سے پہلی ملاقات غالباً 15سال کی عمر میں ہوئی۔ آج اس کو تقریباً 25سال سے زائد کا عرصہ ہوگیا ہے۔ قبلہ شاہ صاحب کی شفقتوں، صحبتوں اور عنایتوں کے 25سال میرے لیے عظیم سرمایہ دنیا و آخرت ہیں۔
آپ کی تقاریر بچپن سے ہی سننے کا بہت قریب سے موقع ملا۔ آپ شہنشاہ خطابت، مناظر بے مثال اور عقیدہ اہل سنت کے عظیم محافظ و نگہبان تھے۔ بلاشبہ آپ کی تقاریر و مناظرہ سے سینکڑوں، ہزاروں افراد کے عقائد و نظریات کی تصحیح ہوئی اور وہ مسلک حق اہل سنت و جماعت سے وابستہ ہوئے۔
میرا دوسرا دور زمانہ طالب علمی کا ہے جب فقیر کو اہل سنت وجماعت کی عظیم درسگاہ دارالعلوم امجدیہ کراچی پاکستان میں زانوے تلمذ طےکرنے کا موقع ملا۔ فقیر 1995 میں دورۂ حدیث مکمل کر کے درسِ نظامی کی سند لے کر فارغ ہوا۔ دارالعلوم امجدیہ میں ہر سال 25 صفر، عرس اعلیٰ حضرت پر دستار فضیلت عطا کی جاتی ہے۔ جہاں اساتذہ کرام میں مفتی اعظم پاکستان مفتی وقار الدین علیہ الرحمہ، مفتی ظفر علی نعمانی صاحب، علامہ افتخار احمد قادری و علامہ مختار احمد قادری کی شفقتیں و محبتیں ساتھ رہیں وہیں قبلہ شاہ صاحب سے روزانہ کی بنیاد پر خصوصاً تقاریر کی تربیت بھی میرا سرمایہ دنیا و آخرت بنیں۔
پھر تیسرا دور شاہ صاحب رحمة اللہ علیہ سے وابستگی کا سرزمین امریکہ ہے۔ جہاں قبلہ شاہ صاحب سے 1998 سے 2013 تک تقریباً 16سال کا عرصہ آپ کی امریکہ بھر میں تقاریر کا ہے۔ جس میں آپ نے بے شمار مساجد و اداروں کی بنیاد رکھی اور سرپرستی فرماتے رہے۔
قبلہ شاہ صاحب رحمتہ اللہ علیہ اسلاف کی جیتی جاگتی تصویر تھے۔ آپ انتہائی شفیق، ملنسار، کریم اور معاملات کو سمجھنے کا انتہائی کامل ملکہ رکھتے تھے۔ آپ نے اپنے پیچھے بےشمار ادارے، تصانیف، تقاریر، مریدین کی جماعت چھوڑی ہے۔ جو صبح قیامت تک آپ کے عظیم روحانی و اصلاحی مشن کو جاری رکھے گی۔ اللہ سبحانہ تعالیٰٰ آپ علیہ الرحمة کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے آمین۔