ایک عہد کا خاتمہ ہو گیا

علامہ شاہ تراب الحق قادری کی رحلت  سے

ایک عہد کا خاتمہ ہو گیا

حضرت علامہ محمد عبد المبین قادری مدظلہ

دار العلوم قادریہ ، چریا کوٹ ،مئو یوپی انڈیا

______________________________________________________

 

۴ محرم الحرام ۱۴۳۸ھ بروزپنج شنبہ( جمعرات) کو امیر جماعت اہل سنت پاکستان یاد گار اسلاف حضرت علامہ مولانا سید شاہ تراب الحق قادری خلیفہ حضور مفتی اعظم ہند سے انتقال پر ملال کی خبر سن کر بے حد افسوس ہوانا للہ وانا الیہ راجعون۔۔

مرحوم اپنے عہدمیں علمائے اہلسنت کے معتمد  ، اور سرخیل کی حیثیت رکھتے تھے ۔ آپ کی صوفیانہ اور زاہدانہ زندگی اہل پاکستان کے لیے اک بہترین نمونہ تھی ، ایسا لگتا ہے کہ اکابر علمائے  اہلسنت کےسلسلۃالذہب کی آپ آخری کڑی تھے ۔ تقریر تحریر اور دعوت و تبلیغ پر تنظیم و تحریک  ہر میدان کے آپ شہسوار اور قائدا نہ صلاحیتوں کے مالک تھے  آپ کی جو کتابیں نظر سے گذری ہیں ، ان میں دعوت و تنظیم ، حیات امام اعظم، فضائل صحابہ و اہل بیت، رسول خدا کی نماز کو نمایاں مقام حاصل ہے آخرا لذ کر دونوں کتابیں اس لائق ہیں کہ ان کو ہر گھر کی زینت بنایا جائے اور دوسری مختلف زبانوں میں ان کے تراجم شائع کیے جائیں ، آج ہمارے علماو مشائخ جب رحلت کرکے قبر میں آرام فرما ہوتے ہیں تو ان کی دینی خدمات کو طاق ِ نسیاں کی نذر کر دیا جاتا ہے اور ساری توجہ مزار و چادر اور تعمیر قبر کی طرف مبذول کر دی جاتی ہے ۔

جب کہ اولین درجے میں ان کے آثارِ علمیہ کی اشاعت پر توجہ دینی چاہیے کہ یہی ان کا سب سے بڑا فیضان ہے ان کے لیے اور سب سے بڑا ایصال ثواب بھی۔

            اللہ رب العزت مرحوم کو کروٹ کروٹ جنت نصیب فرمائے۔ پسماندگان کو صبرو اجر کی توفیق بخشے اور انہیں کے نقش قدم پر چلائے ، آمین۔

محمد عبد المبین نعمانی قادری


متعلقہ

تجویزوآراء