ایک شخصیت ایک انجمن

ایک شخصیت ایک انجمن

 مفتی ازہار احمد امجدی ازہری بستی

استاذ و مفتی:مرکز تربیت افتا اوجھاگنج٬ بستی٬ یوپی٬ انڈیا

______________________________________________________

 

حضرت علامہ مولانا سید شاہ تراب الحق علیہ الرحمہ و الرضوان کی شخصیت تنہا ایک انجمن کی حیثیت رکھتی ہے٬ آپ کے اندر جو خوبیاں موجود تھیں وہ آج کل کے علما میں نادر بلکہ اگر یہ کہہ دیا جائے کہ مفقود ہیں تو بے جا نہ ہوگا٬ آپ نے اپنی خدا داد صلاحیت کو بڑی عمدگی سے بروے کار لاکر وہ دینی و سماجی خدمات انجام دیں جن کا اعداد و شمار مشکل ہے٬ آپ نے ملک و بیرون ملک کے افراد کی ہدایت و سلامتی کے لئے علمی٬ سماجی٬ سیاسی٬ تحریکی اور تبلیغی میدان وغیرہ میں خوب بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جن کے اثرات و نتائج بفضلہ تعالی بڑے پختہ اور مضبوط ہوکر سامنے آئے٬ تبلیغ کے متعلق آپ کا یہ قول جہاں آب زر سے لکھنے کے قابل ہے وہیں عام علما کے لئے قابل اتباع و قابل عبرت بھی ہے٬ آپ فرماتے ہیں: '' تبلیغ کے اثرات اس وقت مرتب ہوتے ہیں جب عالم دین یا مذہبی اسکالر عوام میں رہ کر عوام کے مسائل کو حل کرے۔ اگر کوئی عالم دین امریکہ جاکر اچھے ہوٹل میں بیٹھ جائے، تقریر کرنے آئے، تقریر کرکے دوبارہ ہوٹل میں چلا جائے، رات کو سوتا رہے، اس سے تبلیغ کے اثرات مرتب نہیں ہوتے‘‘سید شاہ  تراب الحق قادری علیہ الرحمہ نے اگرچہ یہ گفتگو خاص امریکہ کے متعلق کی ہے مگر یہ طریقہ کار عام مفاد کے لیے عام ممالک کو شامل ہے٬ آپ نے اپنی اس فکر سدید کو بروے کار لاکر عوام کے ساتھ بیٹھ کر ان کی اصلاح کرنے کی حتی المقدور کوشش کی٬ آپ کی گوناگوں خدمات ہیں جن کا یہاں احاطہ ممکن نہیں! اللہ رب العزت آپ کو جنت میں حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کا قرب عطا فرمائے٬ اور اہل خانہ٬ محبین٬ متوسلین کو صبر جمیل عطا کرے٬ ہم کو آپ کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق رفیق بخشے٬ اور ہم اہل سنت و جماعت کو آپ کے نعم البدل سے نوازے٬ آمین ثم آمین۔

 

ازہار احمد امجدی ازہری بستی

استاذ و مفتی:مرکز تربیت افتا اوجھاگنج٬ بستی٬ یوپی٬ انڈیا


متعلقہ

تجویزوآراء