علامہ قمر رضا خان کے دنیا سے رخصت پر تعزیت نامہ
امیر جماعت اہلسنّت پاکستان، کراچی
بسم اللہ الرحمن الرحیم
نبیرۂِ اعلیٰ حضرت مولانا محمد قمر رضا خان صاحب بن مفسر اعظم ہند حضرت علامہ محمد ابراہیم رضا خان صاحب المعروف جیلانی میاں کے وصال کی خبر نے یہاں کراچی میں سُنّی رضوی حضرات خانوادۂ اعلیٰ حضرت سے محبت رکھنے والے اور حضور تاج الشریعہ محمد اختر رضا خان صاحب قبلہ مد ظلہٗ کے مریدین کو انتہائی غمزدہ کردیا۔ حضرت مولانا محمد قمر رضا خان صاحب، حضور تاج الشریعہ مدظلہٗ العالی کے برادر اصغر تھے ۱۹۴۶ء میں بریلی شریف میں آپ کی ولادت ہوئی، دینی تعلیم آپ نے اپنے والد ماجد مفسر اعظم ہند اور جامعہ رضویہ منظر اسلام سے حاصل کی جبکہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے آپ نے دنیاوی تعلیم حاصل کی۔
عربی، فارسی، اردو، ہندی اور انگریزی زبان پر دسترس تھی نیز ریاضی، علم الاعداد اور تاریخ گوئی پر مہارت رکھتے تھے۔ ملک اور بیرون ملک کئی تبلیغی دَورے فرمائے او ر ایک خاص تعداد میں لوگ آپ کے دَستِ حق پَرست پر بیعت ہوئے۔
حضرت کے وصال سے جو خلاء پیدا ہوا ہے اس کا پُر ہونا مشکل ہے، میری دعا ہے کہ اللہ تبارک تعالیٰ اپنے پیارے حبیب ﷺ کے صدقے و طفیل حضرت کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے، آپ کے صاحبزادگان، جملہ اہل خانہ اور مریدین و متوسلین کو جزاء جمیل عطا فرمائے، صبر جمیل پر اجر عظیم عطا فرمائے۔ آمین بجاہ النبی الکریم علیہ و علی اٰلہ افضل الصلوٰۃ والتسلیم
فقیر سیّد شاہ تراب الحق قادری
امیر جماعت اہلسنّت پاکستان، کراچی۔
۱۱ ذوالقعدہ ۱۴۳۳ھ/ ۲۸ ستمبر ۲۰۱۲ء
(تجلیات قمر،انجمن ضیاءِ طیبہ)