مسلک اعلیٰ حضرت کے سچے داعی

مسلک اعلیٰ حضرت کے سچے داعی

علامہ غلام سبحانی رشیدی

خادم ضیاءالقرآن مسجد آرلنگٹن ٹیکساس امریکہ

______________________________________________________

 

حضرت علامہ سید شاہ تراب الحق قادری علیہ الرحمہ کی رحلت یقینا دنیائے سنیت میں بہت بڑا خلا ہے۔مجھے شاہ صاحب علیہ الرحمہ سے شرف ملاقات کا شوق اس وقت سے تھا جب پہلی بار 1998 ءمیں قیام افریقہ کے دوران آڈیو فقہی مسائل پر بیان سناتھا ، لیکن میری پہلی ملاقات 2001ءمیں عظیم الشان میلاد النبی کانفرنس ڈیلس میں ہوئی جس میں حضور تاج الشریعہ ، حضورمحدث کبیردامت برکاتہم العالیہ بھی شریک تھے۔ اسی موقع پر ضیاءالقران سینٹر کا افتتاحی پروگرام انھیں بزرگوں کے قدوم میمنت سے ہوا،

حضرت شاہ صاحب جب بھی ڈیلس تشریف لاتے ضیاءالقران میں خطاب فرماتے اپنے مفید مشوروں سے نوازتے۔ خطاب کا انداز بہت ہی سادہ اور دلچسپ ہوتا، گویا آپ کی شخصیت بیک وقت فکر و تدبر ، افتاء و قضا ، خطابت وصحافت، تصنیف وتالیف ، تنظیم وتعلیم ہر محاذ پر باوقار اور پُر عزم نظر آتی ، خداداد قائدانہ صلاحیت بارعب انداز بیان، اہل سنت وجماعت کے معمولات کادفاع ،اس پر مخالفین کے اعتراضات کا جواب ان کی تحریر و تقریر سے عیاں ہے ، خوش مزاج ایسے کہ ہر خاص و عام متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکے، مسلک اعلی حضرت کے سچے داعی ، بدلتے حالات میں بھی اپنے اسلاف سے سر مو انحراف نہ فرماتے۔ آپ کو دیکھ کر اسلاف کی یاد تازہ ہوجاتی ، آپ کی رحلت موت العالِم موت العالَم کی مصداق ہے۔

رب قدیر اپنے حبیب علیہ الصلاة والتسلیم کے صدقہ ان کا نعم البدل عطا فرمائے ، اور ان کے پس ماندگان مریدین متوسلین بالخصوص علامہ عبد الحق اور ان کے برادران کو صبر جمیل عطافرمائے آمین۔

ماہنامہ پیغام شریعت دہلی کی پوری ٹیم حضرت علامہ سید شاہ تراب الحق قادری علیہ الرحمہ کے حوالہ سے تاثرات پیش کرنے کی پہل پرہدئیہ تبریک کی مستحق ہے۔

(غلام سبحانی رشیدی)


متعلقہ

تجویزوآراء