شبّ ِبراءت میں بعد نماز ِمغرب چھ رکعت نوافل پڑھنے کا صحیح طریقہ
شبّ ِبراءت میں بعد نماز ِمغرب چھ رکعت نوافل پڑھنے کا صحیح طریقہ
الجواب بعون الملك الوهاب
نماز ِمغرِب کے فَرض وسنَّت اور نفل پڑھ لینے کے بعد چھ رَکْعات نَوافل دو دو رَکْعَت کر کے ادا کئے جائیں۔پہلی دو رَکْعَتوں سے پہلے یہ نیّت کی جائے :''یااللہ عَزَّوَجَلَّ ان دو رَکعَتوں کی بَرَ کت سے مجھے درازئ عُمْر بالْخَیر عطا فرما۔''دوسری دو رَکْعَتوں میں یہ نیّت کی جائے:''یااللہ عَزَّوَجَلَّ ان دو رکعتوں کی بَرَکت سے بلاؤں سے میری حِفاظت فرما۔''اورتیسری دو رَکْعَتوں کیلئے یہ نیّت کریں :''یااللہ عَزَّوَجَلَّ ان دو رَکعتوں کی بَرَ کت سے مجھے اپنے سِوا کسی کا مُحتاج نہ کر''ان 6رَکعتوں میں سُورۃُ الفاتِحہ کے بعد جو چاہیں وہ سورَتیں پڑھ سکتے ہیں، بہتر یہ ہے کہ ہر رَکعَت میں سُورۃُ الفاتِحہ کے بعد تین تین بار سُورۃُ الإخلاص پڑھیں اور ہر دو رَکْعَت کے بعداکیس بار قُلْ ہُوَ اللہُ اَحَدٌ (پوری سورت)یا ایک بارسورہ یٰسیں شریف پڑھیں بلکہ ہو سکے تو دونوں ہی پڑھ لیجئے۔ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ کوئی ایک اسلامی بھائی بلند آواز سےسورۃ یٰسیں شریف پڑھیں اور دوسرے خاموشی سے خوب کان لگا کر سُنیں۔ اس میں یہ خیال رہے کہ دوسرا اِس دَوران زَبان سے یٰس شریف بلکہ کچھ بھی نہ پڑھے اور یہ مسئلہ خوب یاد رکھیں کہ جب قراٰنِ کریم بلند آواز سے پڑھا جائے تو جو لوگ سننے کیلئے حاضِر ہیں اُن پر فرضِ عین ہے کہ خاموشی کی حالت میں خوب کان لگا کر سُنیں۔اور ہر بارسورۃ یٰسین شریف کے بعد'' دُعائے نِصفِ شَعبان ''بھی پڑھیں ۔دُعائے نِصفِ شَعبان درج ذیل ہے
بِسم اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
اَلّٰلھُمَّ یَا ذَا الْمَنِّ وّلَایُمَنُّ عَلَیْہِ یَا ذَا الْجَلَالِ وَالْاِكْرَامِ ؕ یَا ذَا الطَّوْلِ وَالاَنْعَامِ لَا اِلٰہَ اِلَّا اَنْتَ ظَھْرُاللَّاجِیْنَ ؕ وَجَارُ الْمُسْتَجِیْرِیْنَ وَاَمَانُ الْخَائِفِیْنَطاَللّٰھُمَّ اِنْ كُنْتَ كَتَبْتَنِیْ عِنْدَكَ فِیْ اُمِّ الْكِتٰبِ شَقِیًّا اَوْ مَحْرُوْمًااَوْمَطْرُوْدًااَوْ مُقْتَرًّاعَلَیَّ فِی الّرِزْقِ فَامْحُ اَللّٰھُمَّ بِفَضْلِكَ شَقَاوَتِیْ وَ حِرْمَانِی وَطَرْدِیْ وَقْتِتَارِ رِزْقِیْ ؕ وَاَثْبِتْنِیْ عِنْدَكَ فِی اُمِّ الْكِتٰبِ سَعِیْدًا مَّرْزُوْقًا مُوَفَّقًا لِلْخَیْرَاتِ ؕفَاِنَّكَ قُلْتَ وَقَوْلُكَ الْحَقُّ فِیْ كِتَابِكَ الْمُنَزَّلِ ؕ عَلٰی لِسَانِ نَبِیِّكَ الْمُرْسَلِ یَمْحُوْا اللہُ مَا یَشَاءُ وَیُثْبِتُ وَ عِنْدَہ اُمُّ الْكِتٰبِo اِلٰھِی بِالتَّجَلِّی الْاَعْظَمِ فِی لَیْلَۃِالنِّصْفِ مِنْ شَھْرِ شَعْبَانَ الْمُكَرَّمِ الَّتِیْ یُفْرَقُ فِیْھَا كُلُّ اَمْرٍحَكِیْمٍ وَیُبْرَمُطاَنْ تُكْشَفُ عَنَّامِنَ الْبَلَآءِ وَالْبَلَوَ آءِ مَا نَعْلَمْ طوَاَنْتَ بِہ اَعْلَمُ اِنَّكَ اَنْتَ الْاَعَزُّ الْاَكْرَامُ ؕ وَصَلَّی اللہُ تَعَالیٰ عَلٰی سَیِّدِنَا مُحَمَّدٍ وَّعَلٰی اٰلِہ وَ اَصْحَابِہ وَسَلّم ط وَالْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ o
ترجَمہ؛ اللہ عَزَّوَجَلَّ کے نام سے شُروع جو بَہُت مہربان رحمت والا،اے اللہ عَزَّوَجَلَّ ! اے اِحسان کر نے والے کہ جس پر احسان نہیں کیا جاتا ! اے بڑی شان وشوکت والے! اے فضل وانعام والے ! تیرے سوا کوئی معبود نہیں۔ تو پریشان حالوں کا مدد گار ،پناہ مانگنے والوں کوپناہ اور خو فزدوں کو امان دینے والا ہے۔ اے اللہ عَزَّوَجَلَّ! اگرتو اپنے یہاں اُمُّ الکتاب (لوحِ محفوظ)میں مجھے شقی (بد بخت)، محروم ، دُھتکارا ہوا اور رِزْق میں تنگی دیاہوا لکھ چکا ہوتو اے اللہ عَزَّوَجَلَّ ! اپنے فضل سے میری بدبختی ،مَحرومی ، ذلَّت اور رِز ق کی تنگی کو مٹادے اور اپنے پاس اُمُّ الکتاب میں مجھے خوش بخت ، رِزْق دیاہوا اور بھلا ئیوں کی توفیق دیا ہوا ثَبت (تحریر)فرمادے ۔ کہ تو نے ہی تیری نازِل کی ہوئی کِتاب میں تیرے ہی بھیجے ہوئے نبی صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی زَبان پر فرمایا اور تیرا (یہ)فرمانا حق ہے کہ،''اﷲجو چاہے مٹاتا ہے اور ثابِت کرتا(لکھتا) ہے اور اصل لکھا ہوا اسی کے پاس ہے ۔ '' ( کنزالایمان پ ۱۳،الرعد:۳۹)خُدایا عَزَّوَجَلَّ ! تَجَلّیئ اعظم کے وسیلے سے جو نصفِ شَعبانُ الْمُکرَّم کی رات میں ہے کہ جس میں بانٹ دیا جاتا ہے جو حکمت والا کام اور اٹل کر دیا جاتا ہے۔ (یااﷲ!)مصیبتو ں اور رَنجشوں کوہم سے دور فرما کہ جنہیں ہم جانتے اور نہیں بھی جانتے جبکہ تو انہیں سب سے زیادہ جاننے والا ہے۔ بے شک تو سب سے بڑھ کر عزیز اور عزّت والاہے۔اﷲتعالیٰ ہمارے سردار محمد صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم پر اور آپ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے آل واصحا ب رضی اللہ تعالیٰ عنہم پر دُرُودو سلام بھیجے ۔ سب خوبیاں سب جہانوں کے پالنے والے اللہ عَزَّوَجَلَّ کے لئے ہیں۔
ان شاء اللہ تعالیٰ رات شروع ہوتے ہی بے شمار نیکیاں عطاء ہوں گی آمیں ۔
واللہ تعالیٰ اعلم ورسولہ اعلم