خود کو عشق مصطفےٰ ﷺ میں جو مٹاتے جائیں گے
ایقان مومن
خود کو عشق مصطفےٰ ﷺ میں جو مٹاتے جائیں گے
وہ بہر لمحہ یقیناً چین پاتے جائیں گے
سَیّدِ کونین ﷺ سے جو لَوْ لگاتے جائیں گے
وہ خدا کو باخدا نزدیک پاتے جائیں گے
جو نبی ﷺ کے عشق میں جلتے ہیں یاں پروانہ وار
وہ بروز حشر ہر دم جگمگاتے جائیں گے
خود بخود چومیں گی آکر منزلیں ان کے قدم
ان کے نقش پاپہ جو سر کو جھکاتے جائیں گے
نزع کے عالم میں جب جلوہ دکھائیں گے حضورﷺ
اپنی اپنی لحد میں ہم مسکراتے جائیں گے
ٹھنڈے ٹھنڈے میٹھے میٹھے بھر کے وہ کوثر کے جام
ہم تو پیتے جائیں گے اور وہ پلاتے جائیں گے
جب سر محشر سنیں گے رَبِّ سَلِّمْ کی صدا
ان کے عاصی نعت پڑھتے گنگناتے جائیں گے
کوئی بھی پُرساں نہ ہوگا حشر میں حاؔفظ مگر
میرے آقا عاصیوں کو بخشواتے جائیں گے