قرآن مکمل سیرت ہے یہ شان رسالت کیا کہیئے
!کیا کہییے
قرآن مکمل سیرت ہے یہ شان رسالت کیا کہیئے
فاران کی چوٹی سے چمکا خورشید ہدایت کیا کہیئے
رہتی ہے تخیّل میں میرے اک چاند سی صورت کیا کہیئے
دل سوئے مدینہ ہوتا ہے ہوتی ہے عبادت کیا کہیئے
وہ بھیک عطا کر دیتے ہیں سائل کو طلب سے بھی پہلے
اس پاس بلانے والی کی یہ رحمت و شفقت کیا کہیئے
اَدْنٰی سا اشارہ پاتے ہی جب چاند بھی ٹکڑے ہوتا ہے
اس چاند کی طاعت کیا کہیئے اس نور کی طاقت کیا کہیئے
ڈوبا ہوا سورج بھی پلٹا واللہ جو پایا حکمِ نبیﷺ
ہے فرش سے تابا عرش بریں آقا کی حکومت کیا کہیئے
سرقدموں پہ خم ہیں شاہوں کے کونین ﷺتصرف میں اس کے
جو ان کے گدا کو حاصل ہے وہ شان اور شوکت کیا کہیئے
گلزار محمد ﷺ کی ہیں کلی بو بکر و عمر عثمانو علی
پھیلے نہ زمانے میں کیسے ان کلیوں کی نکہت کیا کہیئے
کیا میری زباں کیا میرا قلم سب ان کا کرم ہےاے حاؔفظ
ہوں بزم سخن میں نغمہ سرا ‘ اللہ رے قسمت کیا کہیئے
(ماہ طیبہ ‘ جنوری ۱۹۷۰ء)