2016-06-13
علمائے اسلام
متفرق
3947
| سال | مہینہ | تاریخ |
یوم پیدائش | 1244 | | |
یوم وصال | 1316 | شوال المکرم | 23 |
شمس العلماء علامہ عبد الحق خیرآبادی رحمۃ اللہ علیہ
نام ونسب: اسمِ گرامی:عبدالحق۔لقب:شمس العلماء۔خیرالبلاد "قصبہ خیرآباد" کی نسبت سے خیرآبادی کہلائے۔سلسلہ نسب اسطرح ہے:علامہ عبدالحق خیرآبادی بن امام المناطقہ مجاہدِ جنگ آزادی علامہ فضلِ حق خیرآبادی بن علامہ فضلِ امام خیرآبادی (علیہم الرحمہ)۔(خیرآباد ضلع سیتاپور،ریاست اترپردیش انڈیا میں واقع ہے،یہ قصبہ سیتاپور سے6 کلومیٹر،اور لکھنؤ سے 75کلومیٹر دہلی لکھنؤ ہائی پر واقع ہے۔)
تاریخِ ولادت: آپ 1244ھ بمطابق ستمبر/1828ءکو دہلی میں پیدا ہوئے، حضرت مولانا سید شاہ مصباح الحسن پھپھوندی اپنے استاذ مولانا ہدایت اللہ خاں جون پوری کی روایت سے فرماتے تھے: کہ حضرت علامہ خیر آبادی نے آپ کے عقیقہ میں ساٹھ ہزار روپے خرچ کیے تھے۔
تحصیلِ علم: آپ نے تمام علوم عقلیہ ونقلیہ کی تحصیل وتکمیل اپنے والد ماجد سے کی۔1258ھ میں سولہ برس کی عمر میں سندِ فراغ حاصل کی، مشاہیر علمائے دہلی، مفتی صدر الدین وغیرہ علیہم الرحمۃ نے جلسۂ دستار بندی میں شرکت کی ۔ایک مرتبہ مولانا اکرام اللہ شہابی آپ سے پوچھاکہ بھائی صاحب!دنیامیں"حکیم"کااطلاق کن کن پرہے؟آپ نے فرمایا:ساڑھے تین حکیم(منطقی وفلسفی)دنیا میں ہیں۔اول۔رسطو۔دوم۔فارابی۔تیسرے۔والد ماجد اور نصف بندہ۔(باغیِ ہندوستان:ص184)
بیعت وخلافت: آپ امام العارفین حضرت خواجہ شاہ اللہ بخش تونسوی علیہ الرحمہ کے مرید تھے۔
سیرت وخصائص: امام المناطقہ،رئیس الفلاسفہ،جامع المنقولِ والمعقول،سلسلۂ خیرآبادیت کے مورثِ اعلیٰ شمس العلماء حضرت علامہ عبدالحق خیرآبادی رحمۃ اللہ علیہ۔آپ فنِ منطق وحکمت میں امام وقت اور فن نحو و لغت کے بڑے ماہر اور بہت ہی سنجیدہ اور باوقار ، پوری سمجھ کے مالک اور اچھی تعبیر والے اور مسالک استدلال سے اچھے باخبر ، طبیعت میں لطافت، گفتگو کے بہتر ، نادر باتوں کو اس عمدگی سے بیان فرماتے کہ اس کی پوری تعریف کرنی ممکن ہی نہیں ہے ،اور ان کی مجلسیں ہی لوگوں کے ذہن ان کی عقلوں کے مطابق ہوتیں اور گفتگو اس انداز سے کرتے تھے کہ مشکل سے مشکل مسائل ذہن میں آسانی سےبٹھا دیتے تھے۔ کسی کو کسی موضوع میں آپ کی مخالفت کی ہمت نہ ہوتی ، اور آپ کے فرمان ماننے ہی پڑتے۔درس کی دھوم تھی، طلبہ اکناف عالم سے آپ کے دریائے علم سے اپنی پیاس بجھانے کےلیے پہنچتے تھے۔طلبہ پربہت شفیق تھے، جو طالب علم ایک سبق پڑھ لیتا پھر آپ کا درس نہ چھوڑتا۔ آپ اپنی ذات کے اعتبار سے بہت ہی خوبصورت ، اچھے چہرے والے، بہت بااخلاق،غرباء کےہمدرد اور انگریزی وضع ومعاشرت سے تَنفُّر خصوصی اوصاف تھے۔ آپ نے بہت گذا طبیعت پائی تھی، صوفیاء کے حالات و واقعات بہت شوق سے سنتے اور پڑھتے تھے۔ آپ کے سامنے جب بزرگان دین کے مجاہدات وریاضات اور مصائب کے واقعات بیان کیے جاتے تو بےاختیار سیلاب اشک رواں ہوجاتا۔جذبۂ حریت آپ کو میراث میں ملا تھا۔اسلئے جذبۂ حریت آپ کی رگ رگ میں موجود تھا۔ساری زندگی انگریز اور انگریزی تہذیب سے سخت نفرت کرتے رہے۔
علامہ عبدالحق خیرآبادی علیہ الرحمۃ کی وصیت: آپ نے فرمایا:جب انگریز ہندوستان سے چلے جائیں تو میری قبر پر خبر کر دی جائے۔چنانچہ 15اگست 1947ءکومولوی سید نجم الحسن رضوی خیرآبادی نے مولانا عبدالحق کے مدفن درگاہ مخدومیہ خیرآبادضلع سیتاپورپرایک جم ِغفیر کے ساتھ حاضر ہو کر میلاد شریف کے بعد قبر پر فاتحہ خوانی کی اور اس طرح پورے پچاس سال کے بعد انگریزی سلطنت کے خاتمہ کی خبر سنا کر وصیت پوری کی۔(مقدمہ زبدۃ الحکمۃ:ص 12)
وصال: 23/شوال المکرم 1316ھ،بمطابق 1899ء کو آپ کا وصال ہوا۔آپ کی قبرِ انور خیرآباد میں مخدوم شیخ سعد کی درگاہ کے احاطے میں ہے۔
ماخذ ومراجع: تذکرہ علمائے اہلِ سنت۔خیرآبادیت۔نزہۃ الخواطر۔