چودہ شعبان کوحضرت اویس قرنی اورحضرت سید الشہداء حمزہ رضی اللہ تعالٰی عنہما کی فاتحہ کرنا
چودہ شعبان کوحضرت اویس قرنی اورحضرت سید الشہداء حمزہ رضی اللہ تعالٰی عنہما کی فاتحہ کرنا
الجواب بعون الملك الوهاب
چودھوی شعبان اور اس کے علاوہ کسی بھی دن میں کھانا پکا کراس پرحضرت اویس قرنی اورحضرت سید الشہداءحضرت امیر حمزہ رضی اللہ تعالٰی عنہما کی اور ان بزرگوں کے علاوہ کسی بھی بزرگ کی فاتحہ کرناجائز ہے اور اس کی اصل ایصال ثواب ہے ۔
فتاوٰی رضویہ میں اس طرح کے ایک سوال کے جواب میں ہے ۔
شریعت اسلامیہ میں ایصال ثواب کی اصل ہے اور صدقات مالیہ کا ثواب باجماع ائمہ اہلسنت پہنچتاہے اور تخصیصات عرفیہ کوحدیث نے جائز فرمایا کہ : صوم یوم السبت لالک ولا علیک ۱؎۔ سنیچر کا روزہ نہ تجھے مفید ہے اور نہ تیرے لئے نقصان دہ ہے۔ (ت)
(۱؎ مسند احمد بن حنبل عن الصماء بنت یسر رضی اﷲ تعالٰی عنہا المکتب الاسلامی بیروت ۶/ ۳۶۸)
مانعین کی یہ جہالت ہے کہ جواز خصوصی کے لئے دلیل خصوصی مانگتے ہیں اور منع خصوص کے لئےدلیل خصوصی نہیں دیتے ان سے پوچھئے تم جو منع کرتے ہوآیا اللہ ورسول نے منع کیا ہے یا اپنی طرف سے کہتے ہیں اگر اللہ تعالٰی ورسول نے منع فرمایا ہے تو دکھاؤں کہ کون سی آیت وحدیث میں ہے کہ حلوا ممنوع ہے یا حضرت سید الشہداء حمزہ یا حضرت خیر التابعین اویس قرنی رضی اللہ تعالٰی عنہما کو اس کا ثواب پہنچانا ممنوع ہے یا اعزہ واحبا میں اس کا تقسیم کرنا ممنوع ہے اور جب نہیں دکھاسکتے تو جو بات اللہ ورسول نے منع نہیں فرمائی تم اس کے منع کرنے والے کون، اللہ اذن لکم ام علی اﷲ تفترون ۱؎ (کیا اللہ تعالٰی نے تمھیں (اس کی اجازت دی ہے یا تم اللہ تعالٰی کے ذمہ جھوٹ لگاتے ہو۔ ت)
(۱؎ القرآن الکریم ۱۰/ ۵۹)(فتاوٰی رضویہ :ج۲۳،ص۱۰)
واللہ تعالیٰ اعلم ورسولہ اعلم