حضرت امام حسین کی شان میں ایک شعر کا حکم

10/08/2016 AZT-23059

حضرت امام حسین کی شان میں ایک شعر کا حکم


السلام علیکم مفتی صاحب! ایک شخص نے محبت ِحسین میں یہ اشعار پڑھے۔

محمد کے دلاروں پر صداقت ناز کرتی ہے             امامت ناز کرتی ہے نبوت ناز کرتی ہے

وفا قربان ہے ان پر عقیدت ناز کرتی ہے             یہی وہ شیر ہیں جن پر شجاعت ناز کرتی ہے

اس قطعہ  میں جو دوسرا مصرعہ ہے" امامت ناز کرتی ہے ،نبوت ناز کرتی ہے" پڑ ھ سکتے ہیں یا نہیں؟

الجواب بعون الملک الوہاب

حضرت مولانا مفتی محمد شریف الحق امجدی علیہ الرحمہ تحریر فرماتے ہیں:" نبوت ناز کرتی ہے" سے مراد یہ ہے کہ نبی کریم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم ان پر ناز کرتے ہیں،  جس طرح ہر لائق بیٹے پر باپ ناز کرتا ہے۔ اسی طریقے سے حضور صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم  کا حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ پر ناز کرنا بجا ہےاستقامت و ثبات ،رضا و تسلیم کا ایسا پیکر یقیناً اس لائق ہے کہ ان کے بزرگ ان پر ناز کریں۔

لیکن اس جملے کو کہنا مناسب نہیں، اس کا ایک پہلو خطرناک بھی ہے کہ اس قطعہ میں جن جن اوصاف کے ناز کرنے کو کہا گیا وہ سب حضرت امام عالی مقام کی صفت بھی ہیں۔ مثلاً امامت ،شجاعت، ان کے پیش نظر اس قطعہ کا مطلب یہ ہو تا ہے کہ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ  ایسے امام ہیں جن پر امامت ناز کرتی ہے۔ اس کے مطابق اس مصرعہ کا مطلب یہ ہو گا کہ ایسے نبی ہیں جن پر نبوت ناز کرتی ہے ، اوریہ معنی کفر مگر چوں کہ قائل مسلمان ہے ، اور مسلمان کے کلام کو اچھے محل پر محمول کرنا واجب ، اس لئے یہ مستعبد ہے کہ اس نے یہ کفری  معنی مراد لیا ہو  گا۔ لیکن کسی لفظ میں محض معنی کفری کا  ایہام اس کے منع کے لئے کافی ہے"۔ [فتاویٰ شارح  بخاری، جلد دوم، صفحہ ، ۶۶، مکتبہ برکات المدینہ کراچی]۔

 

  • مفتی محمد احسن
  • رئیس دارالافتاء مفتی محمد اکرام المحسن فیضی

متعلقہ

تجویزوآراء