کسی کے استقبال کیلئے کھڑا ہونا جائزہے؟

04/13/2016 AZT-18410

کسی کے استقبال کیلئے کھڑا ہونا جائزہے؟


ایک آفیسر کا اپنے سب آرڈینیٹر سے ڈیمانڈ کرنا کہ اس کے آنے پر اس کے لئے نہیں بلکہ اس کی پوسٹ کے احترام میں کھڑا ہوا کریں اور کھڑے نہ ہونے پر ناراض ہونا کیسا ہے۔

الجواب بعون الملك الوهاب

امام ابن حجر عسقلانی نے فتح الباری شرح صحیح بخاری میں فرمایا: كسی کیلئے قیام( کھڑا ہونا)چار طرح کا ہوتا ہے:

الأول محظور وهو أن يقع لمن يريد أن يقام إليه تكبرا وتعاظما على القائمين إليه والثاني مكروه وهو أن يقع لمن لا يتكبر ولا يتعاظم على القائمين ولكن يخشى أن يدخل نفسه بسبب ذلك ما يحذر ولما فيه من التشبه بالجبابرة والثالث جائز وهو أن يقع على سبيل البر والإكرام لمن لا يريد ذلك ويؤمن معه التشبه بالجبابرة والرابع مندوب وهو أن يقوم لمن قدم من سفر فرحا بقدومه ليسلم عليهأو إلى من تجددت لهنعمة فيهنئه بحصولها أو مصيبة فيعزيه بسببها .

ترجمہ:پہلا ممنوع ہے اور وہ ایسا قیام ہے جو ایسے شخص کے لئے ہو جو چاہتا ہے کہ اس کے لئے قیام کیا جائے اور قیام کرنے والے پر تکبر اور بڑا پن بھی جتلائے۔

دوسرا قیام مکروہ ہے اور یہ وہ قیام ہے جو اس شخص کے لئے ہو جو اپنے لئے کھڑے ہونے والوں پر تکبر اور بڑا پن ظاہر نہیں کرتا لیکن اس کو خدشہ ہے کہ اس وجہ سے اس کے نفس میں وہ کچھ داخل ہو جائے گا جس کا اسے ڈر ہے، اور اس لئے بھی کہ ایسا کرنے میں جابر لوگوں کے ساتھ مشابہت ہے۔

تیسرا قیام وہ جائز ہے، اور یہ وہ قیام ہے جو بطور نیکی اور احترام کے ہو اور اس شخص کے لئے ہو جو اس قیام کے باوجود جابر لوگوں  کے ساتھ مشابہت سے محفوظ رہے۔

چوتھا قیام مستحب ہے، اور یہ وہ قیام جو سفر سے آنے والے کے لئے اس کے آنے کی خوشی میں اور اسے سلام کرنے کی غرض سے کیا جائے یا اس شخص کے لئے کیا جائے جو کو کوئی نعمت حاصل ہوئی ہو تو اسے حصول نعمت  کی مبارکباد دینے کے لئے قیام کیا جائے یا کسی شخص کو کوئی مصیبت پہنچی ہو تو اس کے ساتھ تعزیت کرنے کے لئے کھڑا ہو جائے۔ [ فتح الباری، کتاب الاستیذان، باب قولہ قوموا إلى سیدکم، جلد 11، صفحہ 51، مطبوعہ دار المعرفہ بیروت]۔

لہذا آفیسر کو چاہیے کہ وہ کسی سے ایسا ڈیمانڈ نہ کرے اورنہ دل میں تمنا کرے، ہاں اگر لوگ خود بخود اس کی تعظیم کریں اور اس کےدل میں تکبر بھی نہ آئے تو کوئی حرج نہیں ہے۔

  • مفتی محمد احسن
  • رئیس دارالافتاء مفتی محمد اکرام المحسن فیضی

متعلقہ

تجویزوآراء