کیا شیعہ کافر ہیں؟
کیا شیعہ کافر ہیں؟
الجواب بعون الملك الوهاب
وہ شیعہ جن کے عقائد کفریہ ہیں وہ سب علماء کے نزدیک کافرہیں اوروہ شیعہ جن کے عقائد کفریہ نہیں لیکن صحابہ کرام کو سبّ وشتم کرتے وہ بھی فقہاء کے نزدیک کافر ہیں مگر متکلمین کے نزدیک کا فرنہیں اور اسی پر فتوٰی ہے اور وہ شیعہ جن کےنہ تو عقائد کفریہ ہیں اور نہ ہی صحابہ کرام کو سبّ و شتم کرتے ہیں صرف افضلیت ِحضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے قائل ہیں وہ گمراہ ہیں کافر نہیں ۔لہٰذا وہ شیعہ جن کے عقائد کفریہ ہیں صرف ان کو کا فر کہا جا سکتا ہے باقی دو نوں قسم کے شیعہ کو کافر نہیں کہہ سکتے ۔
چنانچہ فتاوٰی رضویہ میں ہے:
شیعہ تین قسم ہیں:
اول غالی کہ منکر ضروریات دین ہوں، مثلا قرآن مجید کوناقص بتائیں، بیاض عثمانی کہیں یا امیر المومنین مولاعلی کرم اللہ وجہہ خواہ دیگر ائمہ اطہار کوانبیائے سابقین علیہم الصلوٰۃ والتسلیم خواہ کسی ایک نبی سے افضل جانیں یار ب العزت جل وعلا پر بدع یعنی حکم دے کرپشیمان ہونا، پچتا کر بدل دینا، یا پہلے مصلحت کا علم نہ ہونا بعد کو مطلع ہوکر تبدیل کرنا مانیں، یا حضور پر نور سید المرسلین صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم پر تبلیغ دین متین میں تقیہ کی تہمت رکھیں الی غیر ذلک من الکفریات (ا س کے علاوہ دیگر کفریات ۔ ت) یہ لوگ یقینا قطعا اجماعا کافر مطلق ہیں اور ان کے احکام مثل مرتد، فتاوٰی ظہیریہ وفتاوٰی ہندیہ وحدیقہ ندیہ وغیرہا میں ہے: احکامھم احکام المرتدین ۱؎ (ان کے احکام مرتدین والے ہیں۔ ت)
( ۱؎ فتاوٰی ہندیہ باب فی احکام المرتدین نورانی کتب خانہ پشاور ۲/۲۶۴)
آج کل کے اکثر بلکہ تمام رفاض تبرائی اسی قسم کے ہیں کہ وہ عقیدہ کفریہ سابقہ میں ان کے عالم جاہل مرد عورت سب شریک ہیں الا ماشاء اﷲ (مگر جو اللہ تعالٰی چاہے۔
دوم تبرائی کہ عقاید کفریہ اجماعیہ سے اجتناب اور صرف سَبّ صحابہ رضی اللہ تعالٰی عنہم کا ارتکاب کرتاہو، ان میں سے منکران خلافت شیخین رضی اللہ تعالٰی عنہما اور انھیں برا کہنے والے فقہائے کرام کے نزدیک کافر و مرتد ہیں ۲؎ نص علیہ فی الخلاصۃ والھندیۃ وغیرھما (خلاصہ اور ہندیہ میں اس پر نص ہے۔ ت)
(۲؎ خلاصۃ الفتاوٰی کتاب الفاظ الکفر مکتبہ حبیبیہ کوئٹہ ۴/۳۸۱)
مگر مسلک محقق قول متکلمین ہے کہ یہ بدعتی ناری جہنمی کلاب النار ہیں مگر کافر نہیں۔
سوم تفضیلی کہ تمام صحابہ کرام رضی اللہ تعالٰی عنہم کو خیرسے یادکرتاہو خلفائے اربعہ رضوان اللہ تعالٰی علیہم کی امامت بر حق جانتا ہو صرف امیرالمومنین مولٰی علی کو شیخین رضی اللہ تعالٰی عنہم سے افضل مانتا ہو، انھیں کفر سے کچھ علاقہ نہیں بد مذہب ضرورہیں ۔( فتاوٰی رضویۃ : ج ۱۱ ،ص۳۴۵)
واللہ تعالیٰ اعلم ورسولہ اعلم۔