معاذ اللہ ایسا کہنا کہ ہم کو توفیق ہی نہیں ملی نماز کی

01/15/2019 AZT-26817

معاذ اللہ ایسا کہنا کہ ہم کو توفیق ہی نہیں ملی نماز کی


السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ

مفتی صاحب کی بارگاہ میں عرض ہے حضور یہ ارشاد فرما دیں کہ اگر کسی اسلامی بھائی کو نماز یا نیکی کی دعوت دیں تو جواب ملتا ہے کہ اللہ عزوجل توفیق دے گا تو پڑھ لیں  گے معاذ اللہ ایسا کہنا کہ ہم کو توفیق ہی نہیں ملی اس مسئلے پر تفصیل سے وضاحت فرما دیں ۔جزاک اللہ خیرا۔

(سبطین رضا، گجرات)

الجواب بعون الوھّا ب اللھمّ ھدایۃ الحق الصواب

تمام اہل اسلام کا عقیدہ ہے کہ ہر چیز کا خالق اللہ مجدہ ہے خواہ نیکی ہو یا برائی۔ سورہ النساء آیت نمبر 78 میں ارشاد فرمایا :

قُلْ كُلٌّ مِّنْ عِندِ اللّهِ۔ آپ فرما دیں: (حقیقۃً) سب کچھ اللہ کی طرف سے (ہوتا) ہے۔

(النِّسَآء، 4 : 78)

وہ طاقتور ذات ہے جو نیکی اور برائی کی طاقت دے بھی سکتا ہے اور سلب بھی کر سکتا ہے ۔اصل بات یہ ہے کہ ہر چیز کا خالق اللہ ہے اور سب پر عمل کرنے والا انسان خود ہے اگر سوال ہی نہ ہو تو امتحان کس چیز کا یعنی کہ بُرائی بھی نہ ہو تو پھر سزا کس بات کی۔ اس لیے قرآن مجید میں ایک اور جگہ ارشاد فرمایا :

وَهَدَيْنَاهُ النَّجْدَيْنِ۔ اور ہم نے اسے (خیر و شر کے) دو نمایاں راستے (بھی) دکھا دیئے۔

(الْبَلَد، 90 : 10)

انسان کو ہم نے دونوں راستے بتا دیے ہیں کہ یہ برائی کا راستہ ہے اور یہ نیکی کا راستہ اور انسان کو اختیار دیا گیا ہے کہ چاہے وہ اللہ کی اطاعت کرے یا شیطان کی۔ اگر وہ برائی کرتا ہے تو یہ اس کا اپنا فعل ہے اور اپنی مرضی سے کیا ہے اس لیے اس کو سزا دی جائے گی۔

اگر انسان نیکی کرتا ہے تو اس پر اسے جزا دی جاتی ہے۔ اور گناہ کرے گا تو اس کو ضرور سزادی  جائے گی ۔کیونکہ اللہ تعالیٰ کا قانون یہ ہے انسان نیکی اور برائی کرنے پر مختار ہے چاہے وہ نیکی کرے یا برائی۔لہٰذا  نیکی نہ کرنا اور نماز و دگر عبادا ت نہ کرنا  یہ سب بندہ کی طرف سے ہیں اور گناہ کرنا یہ بھی بندہ کی طرف سے ہے۔ انسان کو ہر وقت نیکی کرنے کی دعا کرتے رہنا  چاہیے۔

واللہ تعالیٰ اعلم ورسولہ اعلم ۔

  • مفتی محمد سیف اللہ باروی
  • رئیس دارالافتاء مفتی محمد اکرام المحسن فیضی

متعلقہ

تجویزوآراء