مختصر منظوم تعارف حضرت علّامہ مولانا مفتی محمد منظور احمد فیضی

نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الکَرِیْمِo

مختصر منظوم تعارف

شیخ الحدیث والتفسیر مُناظرِ اہلِ سنّت بیہقیِ وقت

حضرت علّامہ مولانا مفتیمحمد منظور احمد فیضی رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ

 

(تاریخِ وصال: یکم جمادی الآخرہ ۱۴۲۷ھ مطابق ۲۷؍ جون۲۰۰۶ء)

کلام: ندیم احمد نؔدیم نورانی

مہتابِ علم و حکمت ہیں مفتی منظور احمد فیضی
اَفلاکِ عمل کی رفعت ہیں مفتی منظور احمد فیضی
جو الٰہی بخش کے پوتے ہیں، علّامہ ظریف کے بیٹے ہیں
وہ وارثِ علمی شرافت ہیں مفتی منظور احمد فیضی
بستی فیض آباد اوچ بہاول پور میں آپ ہوئے پیدا
ماں باپ کے دل کی راحت ہیں مفتی منظور احمد فیضی
تاریخِ ولادت دو رمضاں تیرہ سو اٹّھاون ہجری
رمضان کا فیضِ برکت ہیں مفتی منظور احمد فیضی
جب فیض محمد شاہ جمالی خواجہ سے بیعت ہیں وہ
تو صاحبِ فیضِ ولایت ہیں مفتی منظور احمد فیضی
تھے سیّد احمد کاظمی اور مسعود علی اُستاد اُن کے
پھر کیوں نہ کہوں خوش قسمت ہیں مفتی منظور احمد فیضی
اُمّید علی و ظریف کے بھی، حقّانی عبدِ حفیظ کے بھی
اک شاگردِ ذی رفعت ہیں مفتی منظور احمد فیضی
دی مفتیِ اعظم بن اعلیٰ حضرت نے خلافت جن جن کو
اُن میں سے اک خوش قسمت ہیں مفتی منظور احمد فیضی
ہیں ’’قطبِ مدینہ‘‘ شاہ ضیا اور ’’قطبِ مکّہ‘‘ امیں کتبی
دونوں کے مُجازِ طریقت ہیں مفتی منظور احمد فیضی
اور کاظمی شہ سیّد احمد اور خواجہ غلامِ یاسیں کے
محبوب خلیفہ حضرت ہیں مفتی منظور احمد فیضی
اور شیخِ مدینہ علاء الدیں البکری نے بھی اجازت دی
اللہ والوں کی نسبت ہیں مفتی منظور احمد فیضی
کہتے ہیں غزالیِ دوراں یہ: ’’گر حشر میں پوچھامیرا عمل؟
کہہ دوں گا، میری محنت ہیں مفتی منظور احمد فیضی‘‘
وہ بانیِ جامعہ فیضیّہ رضویّہ وغیرہ ہیں یعنی
اک خادمِ دین و ملّت ہیں مفتی منظور احمد فیضی
اُن کے شاگردوں میں سے ہیں مفتی اقبال سعیدی بھی
بزمِ تدریس کی زینت ہیں مفتی منظور احمد فیضی
محبوبِ رب نے روضے پر بخشا تھا جوابِ سلام اُنھیں
مقبولِ نبیِّ رحمت ہیں مفتی منظور احمد فیضی
سرکارِ مدینہ نے جن کو شرفِ دیدار بھی بخشا تھا
وہ صاحبِ شرفِ زیارت ہیں مفتی منظور احمد فیضی
وہ جن کو شیخِ محقق نے رُؤیا میں مُجازِ حدیث کیا
وہ صاحبِ فیضِ اجازت ہیں مفتی منظور احمد فیضی
تھا جن کا علمِ حدیث میں اک اعلیٰ و جداگانہ رتبہ
وہ وقت کے بیہقی حضرت ہیں مفتی منظور احمد فیضی
ہے ’’مقامِ رسول‘‘ وغیرہ کتب میں جن کے دلائل کی کثرت
وہ مصنّفِ اہلِ سنّت ہیں مفتی منظور احمد فیضی
جن کے بیٹے مفتی محسن فیضی بھی خطیب و مُناظر ہیں
وہ مُناظر و ماہِ خطابت ہیں مفتی منظور احمد فیضی
وہ جن کے پوتوں میں مفتی اکرام المحسن فیضی ہیں
وہ ذی اکرام و عظمت ہیں مفتی منظور احمد فیضی
چودہ سو ستّائیس سنِ ہجری کے جُمادَی الآخرہ کی
پہلی کو کرتے رحلت ہیں مفتی منظور احمد فیضی
ہے مزارِ مبارک حضرت کا احمد پورِ شرقیہ میں
اک صاحبِ روحانیّت ہیں مفتی منظور احمد فیضی
ہے ضیائے طیبہ کا اُن سے اک خاص عقیدت کا رشتہ
اُس کے لیے سایۂ شفقت ہیں مفتی منظور احمد فیضی
یہ نؔدیم احمد نورانی بھی ہے معترفانِ حقیقت میں
سرمایۂ اہلِ سنّت ہیں مفتی منظور احمد فیضی

(تاریخِ نظم: ہفتہ، ۲؍ جمادی الآخرہ ۱۴۳۷؁ھ مطابق ۱۲؍ مارچ ۲۰۱۶؁ء)


متعلقہ

تجویزوآراء