حضرت سید شاہ آل محمدمارہروی
نام ونسب: اسمِ گرامی:سید شاہ آل محمد۔کنیت:ابوالبرکات۔لقب:برہان الموحدین۔سلسلہ نسب اسطرح ہے: سید شاہ آل محمد، بن صاحب البرکات سید شاہ برکت اللہ بن سید شاہ اویس بلگرامی بن سید شاہ عبد الجلیل بلگرامی بن سید میر عبدالواحد بلگرامی۔الیٰ آخرہ۔(علیہم الرحمہ)
تاریخِ ولادت: آپ بروز بدھ،18رمضان المبارک،1111ہجری کوبلگرام میں سید شاہ برکت اللہ کے گھر پیدا ہوئے۔
تحصیلِ علم: تمام ظاہری وباطنی علوم کی تعلیم وتکمیل اپنے والدِ ماجد سے حاصل کی،آپ اپنے وقت کے شیخِ طریقت ہونیکے ساتھ ساتھ،علومِ شریعت کےبھی ماہرِ کامل تھے۔آپ کا اکثر وقت اپنے والدِ گرامی اور دیگر اکابرینِ امت کی تصنیف کردہ کتب کے مطالعہ میں گزرتا تھا۔
بیعت وخلافت: سید شاہ برکت اللہ علیہ الرحمہ نے آپ کو تمام سلاسل کی اجازت خلافت سے مشرف فرمایا تھا۔آپ کوحضرت شاہ برکت اللہ علیہ الرحمہ نے اپنی ظاہری زندگی میں ہی بیعت وارشادکا حکم فرمادیاتھا۔ چنانچہ جب کوئی طالب ان کی خدمت میں حاضرہوتا تو فرماتے :آل محمد کے پاس جاؤ،اس نے میرے سر سے بہت بوجھ ہلکا کردیا ہے اور مجھے بہت راحت وآرام بخشا ہے ۔ نیز سند ِخلافت و دستار ِنیابت حضرت سید العارفین شاہ لدھا بلگرامی سے بھی ممتاز ہوئے۔
سیرت وخصائص: برہان الموحدین،رئیس المتوکلین،سیدالعارفین،جامع شریعت وطریقت ابوالبرکات سید شاہ آل محمد مارہروی رحمۃ اللہ علیہ۔آپ علیہ الرحمہ حضرت سید شاہ برکت اللہ علیہ الرحمہ کے بڑے صاحبزادےتھے۔آپ مکمل 3سال تک اعتکاف میں خلوت گزیں رہے اور جو کی روٹی سے افطار کیا کرتے تھے ۔والد صاحب کی زندگی میں ہی مسندِ مشیخیت وسجادہ پر فائز ہوگئےتھے۔شریعت کی انتہائی نگہداشت کرتے تھے۔ امراضِ قلبی کے ازالہ میں آپ مسیحائی فرماتے تھے،اور ویرانۂ وادیِ شوق کو مقام‘‘تلوین’’ پر پہنچا کر قرارو تسکین بخشتے تھے ۔حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت کی اتباع میں سر گرم وکوشاں رہتے تھے،اور ہروقت ترویجِ شریعت ِ مطہرہ میں مصروف ِعمل رہتے تھے۔ خلافِ سنت کوئی عمل برداشت نہیں کرتےتھے۔اکثر اوقات تصوف کی کتابوں ،خصوصاً اپنے والد ماجد کی تالیفات کے مطالعہ میں بسر فرماتے ۔آپ کی برکت سےمارہرہ مطہرہ اور اس کے اطراف واکناف سےبہت لوگ مستفید ہوکرشرفِ ارادت سے بہرہ ورہوئے۔آپ کی ذات سےتمام سلاسل کوبالعموم اورسلسلہ عالیہ قادریہ کوبالخصوص فروغ حاصل ہوا۔
وصال: 16 رمضان المبارک،1164ھ،بروز پیر،کی رات کو آپ کا وصال ہوا۔آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کا مزارِ مبارک مارہرہ شریف (انڈیا) مرجعِ خاص وعام ہے۔
چراغ آلِ عبا وود مانِ علا
فزود جلوۂِ او رونق حریم بہشت
اِفادۂ کردبمن سال رحلتش ہاتف
نصیب آ ل محمد بود نعیم بہشت
1164ہجری