اہل بیت میں کون کون حضرات شامل ہیں؟
اہل بیت میں کون کون حضرات شامل ہیں؟
السلام علیکم مفتی صاحب!مجھے ایک سوال کا جواب مطلوب ہے۔ وہ یہ کہ اہل بیت میں کون کون سے حضرات شامل ہیں۔ جبکہ میں نے چھوٹی چھوٹی کتابوں میں یہ تحریر پایا ہے کہ اہل بیت یہ شخصیات ہیں۔ علی، فاطمہ،حسن اور حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہم۔ کیا یہ صحیح ہے؟
الجواب بعون الملک الوہاب
حضرت مولانا مفتی محمد شریف الحق امجدی رحمہ اللہ تعالی تحریر فرماتے ہیں:" اہل بیت کے لغوی اور عرفی معنی ہیں،گھر کو لوگ اس میں بیٹے،بہو،بیٹیاں،پوتے شامل ہوتے ہیں۔لڑکے اور لڑکیاں اہل بیت میں اس وقت تک رہتی ہیں جب تک وہ شادی کے بعد اپنے شوہر کے گھر نہ رہنیں لگیں۔
حضور اقدس صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کے اہل بیت میں جملہ ازاواج مطہرات ،امہات المؤمنین شامل ہیں۔اس پر آیت کریمہ کا سیاق و سباق دلالت کرتا ہے، یہ آیت کریمہ سورہ احزا ب کی ہے آپ کے بارے میں نازل ہوئی ہے۔
حضرت علی ،حضرت سیدہ، حضرات حسنین رضی اللہ تعالیٰ عنہم اہل بیت میں اس لئے داخل مانےجاتے ہیں کہ اس آیت کریمہ کے نزول کے بعد حضور اقد س صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے ان سے حضرات کو جمع کر کے ایک کمبل اوڑھایا اور فرمایا:" اے اللہ! یہ میرے اہل بیت ہیں ان سے پلیدی دور فرما انہیں خوب پاک ستھرا کردے"۔
اگر لفظ اہل بیت اپنی معنی لغوی یا عرفی کے لحاظ کے داماد ،بیٹی اور نواسوں کو شامل ہوتا تو پھر اس کی ضرورت نہیں تھی کہ حضور اقدس صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم ان سب کو کمبل میں جمع فرماتے اور دعائے مذکور فرماتے۔ یہ اس لئے حضور صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے فرمایا کہ معنی عرفی اور لغوی کے لحاظ سے یہ لوگ اہل بیت میں داخل نہ تھے۔ اب حضور ﷺ نے فرما دیا کہ یہ میرے اہل بیت میں داخل ہیں تو داخل ہو گئے۔ واللہ تعالیٰ ورسولہ اعلم بالصواب"۔ [فتاویٰ شارح بخاری، جلد دوم، صفحہ ، ۶۴، مکتبہ برکات المدینہ کراچی]۔