حضرت اسماعیل علیہ السلام کی جگہ قربان ہونے والا دنبہ
حضرت اسماعیل علیہ السلام کی جگہ قربان ہونے والا دنبہ
السلام علیکم مفتی صاحب!میرا سوال یہ ہے کہ جو دنبہ حضرت اسماعیل علیہ السلام کی جگہ قربان ہو ا تھا وہ حضرت جبرائیل علیہ السلام جنت سے لیکر آئے تھے ۔ تو وہ دنبہ جنت میں کہاں سے آیا؟ اور جب اس کی قربانی ہو گئی تو اس کا گوشت اور کھال کا کیا ہوا؟جواب عنایت فر مادیں۔ سائل: غلام حسین قادری وادئی سون سکیسر
الجواب بعون الملك الوهاب
فتاویٰ قاضی خان میں ہے کہ جو مینڈھا حضرت اسماعیل علیہ السلام کے فدیہ میں حضرت ابراہیم علیہ السلام نے ذبح فرمایا تھا وہ کہاں سے آیا تھا اس بارے میں اکثر مفسرین کا قول یہ ہے کہ وہ مینڈھا جنت سے آیا تھا اور یہ وہی مینڈھا تھا جس کو حضرت آدم علیہ الصلوٰۃ والسلام کے صاحبزادے ہابیل نے قربانی میں پیش کیا تھا۔ اور بعض مفسرین کا قول یہ ہے کہ وہ پہاڑی بکرا تھا جو حضرت سیدنا اسماعیل علیہ السلام کے فدیہ میں ذبح ہونے کے لئے ثبیر پہاڑ سے منجانب اللہ اتارا گیا تھا۔
اب رہا یہ سوال کہ اس مینڈھے کو گوشت وغیرہ کا کیا ہوا تو صاحبِ روح البیان کی تفسیر سے یہ مفہوم ہے کہ سر کے علاوہ باقی اجزاء کو آگ آکر جلا گئی جیسا کہ امم سابقہ کے لئے مقبول قربانیوں کے بارے میں عاداتِ الٰہیہ تھی۔ واللہ ورسولہ اعلم بالصواب۔ [فتاوٰی فیض رسول،جلد دوم، کتاب الاضحیۃ ص465، شبیر برادرز، لاہور]۔