حج سے متعلق سوال

10/05/2017 AZT-24857

حج سے متعلق سوال


السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ میرے تین سوال ہیں 01: احرام باندھنے کے بعد دو رکعت نفل پڑھنے کا ذکر ملتا ہے کیا یہ کسی حدیث سے ثابت ہیں؟ 02: پہلے عمرے کے بعد حلق کروایا اب دوسرا عمرہ اسی دن کر سکتے ہیں اور دوسرا عمرہ اسی دن یا اگلے دن کیا تو احرام کھولنے کیلئے کیا کرے جبکہ سر پر ایک بھی بال نہیں؟ 03: ایک شخص قریشی نہیں مگر اپنے نام کے ساتھ قریشی لگاتا ہے مثلاً احسن قریشی تو یہ لگانا کیسا ہے؟ جوابات عنایت فرما کر عند اللہ ماجور ہوں جزاک اللہ خیرا فی الدارین۔ (محمد وارث، شیر شاہ کالونی، کراچی)

الجواب بعون الملك الوهاب

:01ہاں حدیث رسول ﷺ سے ثابت ہے۔اورحدیث یہ ہے۔

حدیث نمبر (۱)

خَرَجَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ حَاجًّا فَلَمَّا صَلَّى فِي مَسْجِدِهِ بِذِي الْحُلَيْفَةِ رَكْعَتَيْهِ ۔۔۔ فَأَهَلَّ بِالْحَجِّ حِينَ فَرَغَ مِنْ رَكْعَتَيْهِ

(سنن ابی داؤد،الجزء ۵،ص۱۰۱)

حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ حج کے لئےتشریف لے گئے پس جب آپ نے ذو الحلیفہ کی مسجد میں دو رکعت نما زادا فرمائی۔۔۔ تو پھرآپ ﷺ نے حج کا تلبیہ کہا جس وقت آپ دو رکعت نماز سے فارغ ہوئے

حدیث نمبر (۲)

                        أن النبي صلى الله عليه و سلم صلى بذي الحليفة ثم أتى براحلته فركبها فلما استوت به على البيداء أهل (شرح معانی الاثار ،الجز ۲،ص۱۲۰)

حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ بیشک نبی اکرم ﷺنے ذو الحلیفہ میں نماز ادا فرمائی پھر آپﷺ اپنی سواری کے پاس تشریف لائے اور اس پر سوار ہوئےپس جب اس پر سیدھے بیٹھ گئے تو آپ نے مقام بیداء پر تلبیہ فرمایا ۔

       02:ہاں اسی دن دوسرا عمرہ کر سکتا ہے جس دن پہلا عمرہ کیا ہے ۔اور اگر اسی دن یا دوسرے دن عمرہ کیاتو بھی سر پر استرہ پھرواناواجب ہے اگر چہ سر پر ایک بال نہیں ہے ۔ صدر الشریعہ بدرالطریقہ حضرت علامہ مولا نا مفتی امجد علی اعظی رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں ۔

جس کے سر پر بال نہ ہوں اُسے اُسترہ پھروانا واجب ہے(بہار شریعت ،ج۱ ،ح ۶،ص۱۱۴۲)

03:حرام ہے کیونکہ یہ نسب تبدیل کرنا ہے اور نسب کو تبدیل کرنا حرام ہے۔

اس طرح ایک سوال کے جواب میں اعلیٰ حضرت امام اہلسنت امام احمد رضاخان قادری بریلوی علیہ الرحمۃ الرحمٰن لکھتے

اپنے باپ کے سوا دوسرے کو اپنا باپ بتانے کے لئے حدیث صحیح میں فرمایا ہے کہ اس پر اللہ اور فرشتوں اورآدمیوں کی لعنت ہے اللہ نہ اس کا فرض قبول کرے نہ نفل۔ من انتمی الی غیر ابیہ فعلیہ لعنۃ اﷲ والملئکۃ والناس اجمعین لایقبل اﷲ منہ صرفا ولا عدلا ۱؎ اور جو مسلمانوں کو دھوکا دے اسے فرمایا ہمارے گروہ سے نہیں من غشنا فلیس منا ۲؎ ایسے شخص کے ہاتھ پر بیعت ناجائز اور اس کی امامت مکروہ ہے۔ واللہ تعالٰی اعلم۔

 

 (۱؎ صحیح مسلم         کتاب الحج     باب فضائل مدینہ         قدیمی کتب خانہ کراچی    ۱ /۴۴۲)

(۲؎صحیح مسلم    کتاب الایمان باب من غشنا فلیس منا        قدیمی کتب خانہ کراچی     ۱/  ۷۰)

(فتاوٰی رضویہ، ج۲۳،ص۲۸)

واللہ تعالیٰ اعلم ورسولہ اعلم س

  • مفتی محمد سیف اللہ باروی
  • رئیس دارالافتاء مفتی محمد اکرام المحسن فیضی

متعلقہ

تجویزوآراء