غریب ماں باپ کو، یا مالدار شخص کی نابالغ اولاد کو زکوٰۃ دینا کیسا؟

04/01/2017 AZT-24104

غریب ماں باپ کو، یا مالدار شخص کی نابالغ اولاد کو زکوٰۃ دینا کیسا؟


السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ مسئلہ یہ ہے کہ میں ایک عام نوکری پیشہ ہوں میری تنخواہ ۱۱ ہزار ماہانہ ہے۔ میری بیوی کے اوپر زکوٰۃ تقریباً ۸ ہزار تک آتی ہے وہ میں ہی ادا کرتا ہوں۔ مسئلہ یہ ہے کہ میں اتنی زکوٰۃ ایک بار ادا نہیں کرسکتا اس لیے سال بھر میں تھوڑا تھوڑا کرکے ادا کرتا ہوں۔ مسئلہ ۱: میری بہن وہ مالکِ نصاب ہے اس کا بیٹا ہوا ہے کیا ہم اس بچے کو کپڑے تحائف وغیرہ زکوٰۃ کی نیت سے دے سکتے ہیں حالانکہ وہ بچہ نابالغ اور اس کے نام پر مال وغیرہ نہیں ہے۔ مسئلہ ۲: یہ ہی صورتِ حال جو غریب ماں باپ ہیں جو مالکِ نصاب نہیں ہیں ان کے چھوٹے چھوٹے بچوں کو زکوٰۃ کی نیت سے کوئی تحفہ وغیرہ دے سکتے ہیں۔ (محمد بلال، آندھرا پردیش)

الجواب بعون الملك الوهاب

زکوٰۃ کی رقم کوتھوڑا تھوڑاکر کے ادا  کرنا جائز ہے۔

۱۔مسئلۂ اول میں سائل کی بہن کے بچوں کاوالد اگر صاحبِ نصاب ہے توسائل کے لیے اپنی بہن کی نابالغ اولاد کو کسی بھی قسم کا تحفہ یا کپڑے وغیرہ زکوٰۃ کی  رقم  سےدینا جائز نہیں۔

مفتی امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ لکھتے ہیں:یوہیں غنی مرد کے نا بالغ بچے کو (زکوٰۃ) نہیں دے سکتے ۔

(بہارِ شریعت، ج، ۱،ص،۹۲۹)

لیکن اگر بچوں کا والد فوت ہو گیا ہو تو اس صورت میں اگر چہ بچوں کی ماں مالکِ نصاب ہو ، ان کے نا بالغ بچوں کو زکوٰۃ کی رقم سے تحفہ وغیرہ دینا جائز ہے۔

بہارِ شریعت میں ہےکہ: جس بچہ کی ماں مالکِ نصاب ہے ، اگرچہ اس کا باپ زندہ نہ ہو اسے زکوٰۃ دے سکتے ہیں۔

(بہارِ شریعت، ج، ۱،ص،۹۲۹، مکتبۃ المدینہ)

۲۔مسئلۂ دوم میں ماں باپ کی وضاحت نہیں کہ (یہاں ماں باپ سے مراد اپنے ماں باپ ہیں یا کسی اور کے؟)

اگر سوال میں ماں باپ سے مراد اپنے ماں باپ ہیں تو، سائل کےلیےاپنے سوتیلے ماں باپ کی نابالغ اولاد کو زکوٰۃ دینا جائز ہے۔

بہارِ شریعت میں ہے: سوتیلی ماں یا سوتیلے باپ کی اولاد کو(زکوٰۃ )دے سکتا ہے۔

(بہارِ شریعت، ج، ۱،ص،۹۲۸، مکتبۃ المدینہ)

اگر یہاں ماں باپ سے غیر کے ماں باپ مراد ہیں تو، تو خود ماں باپ کوزکوٰۃ دینا جائز ہے کیونکہ وہ   مستحق ہیں، تو ان کی اولاد کو زکوٰۃ دینے میں حرج نہیں، لیکن  زکوٰۃ کی رقم کا مالک بناناضروری ہےاس لیےنا سمجھ بچے کو دینے کی بجاۓ بچے کے والد کوقبضہ کرنے کو دی جاۓ۔

بہارِ شریعت میں ہے کہ: مالک کرنے میں یہ بھی ضروری ہے کہ ایسے (شخص)  کو ( زکوٰۃ) دی جاۓجو قبضہ کرنا جانتا ہو یعنی ایسا نہ ہو کہ پھینک دے یا دھوکہ کھا جاۓ، ورنہ ادا نہ ہوگی، مثلاً نہایت چھوٹے بچہ یا پاگل کودینا، اور اگر بچہ کو اتنی عقل نہ ہو تو اس کی طرف سے اس کا باپ جو فقیر ہو قبضہ کریں۔واللہ اعلم بالصواب

 (بہارِ شریعت، ج، ۱،ص،۸۷۵،مکتبۃ المدینہ)

  • رئیس دارالافتاء مفتی محمد اکرام المحسن فیضی
  • رئیس دارالافتاء مفتی محمد اکرام المحسن فیضی

متعلقہ

تجویزوآراء