قربانی کس پر واجب ہے؟

08/18/2016 AZT-21982

قربانی کس پر واجب ہے؟


السلام  مفتی صاحب ۔قربانی کے واجب ہونے کی شرائط بتا دیں۔ یعنی قربانی کس پر واجب ہے؟ یاسر شاہ ہمدانی لودہراں

الجواب بعون الملک الوہاب

 قربانی واجب ہونے کے شرائط یہ ہیں:

(۱)اسلام یعنی غیر مسلم پر قربانی واجب نہیں۔

(۲) اقا مت یعنی مقیم ہونا، مسافر پر واجب نہیں۔

(3)تونگریؔ  یعنی مالک نصاب ہونا یہاں مالداری سے مراد وہی ہے جس سے صدقہ فطر واجب ہوتا ہے وہ مراد نہیں جس سے زکوٰۃ واجب ہوتی ہے۔

(صاحب نصاب  سے مراد یہ ہے کہ کسی شخص کے پاس ساڑھے سات تولہ سونا ہو، یا ساڑھے باون تولہ چاندی ہو، یا سونے یا چاندی جتنا مال تجارت ہو، یا اتنی مالیت کی  رقم ہو، یا ضروریات زندگی سے زائد اتنی مالیت کا سامان ہو۔ لہذاجو  شخص قربانی کے تین دنوں میں سے ایک لمحہ  کیلئے بھی صاحبِ نصاب ہوا تو اس پر قربانی واجب ہے۔)

(۴)حریت یعنی آزاد ہونا جو آزاد نہ ہو اوس پر قربانی واجب نہیں کہ غلام کے پاس مال ہی نہیں لہٰذا عبادت مالیہ اوس پر واجب نہیں۔ مرد ہونا اس کے لیے شرط نہیں۔ عورتوں پر واجب ہوتی ہے جس طرح مردوں پر واجب ہوتی ہے اس کے لیے بلوغ شرط ہے یا نہیں اس میں اختلاف ہے اور نابالغ پر واجب ہے تو آیا خود اوس کے مال سے قربانی کی جائے گی یا اوس کا باپ اپنے مال سے قربانی کریگا۔ ظاہرالروایۃ یہ ہے کہ نہ خود نابالغ پر واجب ہے اور نہ اوس کی طرف سے اس کے باپ پر واجب ہے اور اسی پر فتویٰ ہے۔

[بہار شریعت،جلدسوم،حصہ 15،ص332،مطبوعہ مکتبۃ المدینہ کراچی]

  • رئیس دارالافتاء مفتی محمد اکرام المحسن فیضی
  • رئیس دارالافتاء مفتی محمد اکرام المحسن فیضی

متعلقہ

تجویزوآراء