اعتکاف کی اقسام
اعتکاف کی اقسام
میراسوال یہ کہ اعتکاف کی کتنی قسمیں ہیں؟
الجواب بعون الملك الوهاب
مفتی جلال الدین امجدی علیہ الرحمہ تحریر فرماتے ہیں:" اعتکاف کی تین قسمیں ہیں:
(1): واجب کہ اعتکاف کی منت مانی مثلاً یوں کہا: میرا بچہ درست ہوگیا تو میں تین دن اعتکاف کروں گا تو بچہ درست ہونے کے بعد تین دن کا اعتکاف واجب ہوگا۔ (2): سنت مؤکدہ کہ بیسویں رمضان کو سورج ڈوبتے وقت اعتکاف کی نیت سے مسجد میں ہو او رتیسویں رمضان کو غروب کے بعد انتیس کو چاند ہونے کے بعد نکلے، یہ اعتکاف سنت کفایہ ہے یعنی اگر سب لوگ ترک کریں تو سب سے مطالبہ ہوگا اور شہر میں ایک نے کر لیا تو سب بری الذمہ ہوگئے۔ ان دونوں اعتکافوں کیلئے روزہ شرط ہے۔ (3): مستحب جس کیلئے نہ روزہ شرط ہے اور نہ کوئی خاص وقت مقرر ہے، اس کی آسان صورت یہ ہے کہ جب بھی مسجد میں داخل ہونا چاہے تو دروازہ پر دخول مسجد کی نیت کے ساتھ اعتکاف کی بھی نیت کرلے جب تک مسجد میں رہے گا اعتکاف کا ثواب ملے گا"۔ [فتاوى فیض رسول، جلد 1، صفحہ 535، مطبوعہ شبیربرادرزلاہور]۔