اسکائیپ اور فون پر نکاح کا حکم؟
اسکائیپ اور فون پر نکاح کا حکم؟
کیافرماتے ہیں علماء دین اس مسئلہ کے بارے میں کہ اسکائیپ یا فون پر نکاح کرنا جائز ہے یا نہیں؟
الجواب بعون الملك الوهاب
اسکائیپ یا فون پر نکاح کرنے سے شرعاً نکاح منعقد نہیں ہوتا اس لئے کہ انعقادنکاح کے لئے ایک شرط یہ بھی ہے کہ لڑکالڑکی یا ان کے وکیل اورنکاح کے گواہان ایک ہی مجلس میں ہوں۔
درمختار میں ہے: " وَمِنْ شَرَائِطِ الْإِيجَابِ وَالْقَبُولِ: اتِّحَادُ الْمَجْلِسِ". ترجمہ: نکاح کے درست ہونے کی شرائط میں یہ بھی ہے کہ(ایجاب وقبول کی) مجلس ایک ہو۔ اس کے تحت ردالمحتار میں ہے: " قَالَ فِي الْبَحْرِ: فَلَوْ اخْتَلَفَ الْمَجْلِسُ لَمْ يَنْعَقِدْ".
ترجمہ: البحر الرائق میں ہے کہ اگر مجلس مختلف ہو جائے تو نکاح منعقد نہیں ہو گا۔[ردالمحتار مع درمختار، کتاب النکاح، جلد:3، صفحہ:14، دار الفكر, بيروت لبنان]۔