سید اور ہاشمی میں کیا فرق ہے؟
سید اور ہاشمی میں کیا فرق ہے؟
السلام علیکم مفتی صاحب!
میرا آپ سے سوال یہ ہے کہ ہم نے یہ سن رکھا ہے کہ سید اور ہاشمی کو زکوٰۃ دینا منع ہے۔ اور سید اور ہاشمی میں کیا فرق ہے؟
الجواب بعون الملك الوهاب
یہ صحیح ہے کہ بنی ہاشم کو زکوٰۃ نہیں دے سکتے اور نہ ہی ایک ہاشمی دوسرے ہاشمی کو زکوٰۃ دے سکتا ہے۔
ہاشمی سے مراد حضرت عبد المطلب کے بیٹے حضرت عبا س و حارث اور پوتے حضرت علی اور حضرت جعفر و عقیل رضوا ن اللہ تعالی ٰ علیھم اجمعین کی اولاد ہیں۔ جبکہ حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم کی جو اولادحضرت فاطمہ رضی اللہ تعالیٰ عنھا سے ہیں ان کو اور حسنین کریمین رضی اللہ تعالیٰ عنھما کی اولاد کو سید کہا جاتا ہے۔ہر سید ہاشمی ضرور ہے مگر ہر ہاشمی سید ہو یہ ضروری نہیں۔
حضرت علامہ ابن عابدین شامی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں: "تصر ف الزکوٰۃ الی اولاد کل اذا کانوا مسلمین فقراء الا اولاد عباس و حارث واولاد ابی طالب من علی و جعفر وعقیل". ترجمہ:زکوٰۃ ہر ایک کی اولاد کو دے سکتے ہیں جبکہ وہ مسلمان فقراء ہوں سوائےآل عباس وآل حارث اور آل علی وآل جعفر وآل عقیل کے۔ (رد المحتار علی الدر المختار،جلد3، صفحہ350، دارالمعرفہ بیروت)۔