نعت  

ولادت مصطفیﷺ کے لمحے، نبیﷺ کا اعجاز رب کی قدرت

نعت شریف

نبیﷺ کا اعجاز رب کی قدرت

ولادت مصطفیﷺ کے لمحے، نبیﷺ کا اعجاز رب کی قدرت
نُجوم و اختر زمین پر تھے، نبیﷺ کا اعجاز رب کی قدرت
نِگہ محلّات شام پر تھی، کرامتِ آمنہ
تو دیکھو
زمین مکّہ سے ایسے جلوے، نبیﷺ کا اعجاز رب کی قدرت
گرے تھے کُنْگْرے بھی ٹوٹ کر جب محل بھی  کِسْریٰ کا شق ہواتھا
ہوئے تھے اُس سلطنت کے ٹکڑے، نبیﷺ کا اعجاز رب کی قدرت
حلیمۂ سعدیہ
کی ناقہ بھی دوڑتی تھی خوشی میں کیسی
تھنوں سے بکری کے جاری چشمے، نبیﷺ  کا اعجاز رب کی قدرت
عجب سماں تھا شگاف سینہ سے قلب انور چمک رہا تھا
نہ نکلے اس سے لُہو کے قطرے، نبیﷺ کا اعجاز رب کی قدرت
نہ دیکھی ایسی قمر کی شوخی نبیﷺ کی انگلی پہ چل رہا تھا
تھے آپ جس دم مہد میں لیٹے، نبیﷺ کا اعجاز رب کی قدرت
علی﷜ کے تسکینِ دل کی خاطر نبیﷺ نے سورج سے کیا کہا تھا
پلٹ پڑا وہ قدم جو الٹے، نبیﷺ کا اعجاز رب کی قدرت
پڑھا تھا پتّھر نے پاک کلمہ، درخت جڑ سے اُکھڑ کے آیا
عجیب منظر حسیں تھے سارے، نبیﷺ کا اعجاز رب کی قدرت
سعی یہ تیری نہیں ہے حافؔظ جو اُن کے اوصاف لکھ رہا ہے
نبیﷺ کی نعتیں ترے قلم سے، نبیﷺ کا اعجاز رب کی قدرت
(۲۰ رجب المرجب ۱۴۳۹؁ھ/۱۷ اپریل ۲۰۱۸؁ء) نزیل مورشس

...

فضاء کی خوشبو بتا رہی ہے کوئی گیا ہے ابھی ابھی

نعت شریف

ابھی ابھی

فضاء کی خوشبو بتا رہی ہے کوئی گیا ہے ابھی ابھی
مہک رہے ہیں وہ سارے راستے نبیﷺ جو گذرے ابھی ابھی
چمک گیا ہے ضیاء سے ان کی جہان بھر کا ہر ایک ذرہ
گزر گئے ہیں مکاں میں ایسے حسین لمحے ابھی ابھی
رضؔا کی نعتوں کے شعر سن کر عجب یہ احساس ہو رہا ہے
نزولِ قرآن سے جھڑے ہیں وحی کے کلمے ابھی ابھی
نبیّ رحمت شفیع امّتﷺ ہر ایک نعمت کے ہیں یہ مالک
قلم سے نکلے ہیں واہ کتنے حسین جملے ابھی ابھی
حضورﷺ کی جالیوں کی قربت مشام جاں کو سرور بخشے
دکھا گئے ہیں قریب ہی سے کرم کے جلوے ابھی ابھی
نبیﷺ کے چرچے رہے ہمیشہ نبیﷺ کے دشمن پہ ایسے بھاری
پڑے ہوئے ہیں یہ خاک بن کے زمین پہ جل کے ابھی ابھی
نبیﷺ کے در پر کھڑا ہے حافؔظ سکون سے بھی وقار سے بھی
سُنا ہے رحمت کے کچھ فرشتے گئے ہیں مل کے ابھی ابھی
(۲۳ رجب المرجب ۱۴۳۹؁ھ/ ۱۰ اپریل ۲۰۱۸؁ء)نزیل موریشس

...

دل میں اپنے نور بساؤ، آؤ نبیﷺ کی بات کریں

نعت شریف

آؤ نبیﷺ کی بات کریں

دل میں اپنے نور بساؤ، آؤ نبیﷺ کی بات کریں
ان کی حُبْ میں تُم کھو جاؤ، آؤ نبیﷺ کی بات کریں
سارا عالم روشن اِن کے سورجْ چاند اور تاروں سے
گھر گھر اِن کی شمَعْ جلاؤ، آؤ نبیﷺ کی بات کریں
اللہ نے محبوب بنایا رحمت عالمﷺ ان کو بتایا
اِن کے کرم کے سَب گُن گاؤ، آؤ نبیﷺ کی بات کریں
کہتے ہیں جبریل امیں
بھی آپﷺ کے جیسا کوئی نہیں ہے
تم بھی ایسے نغمے گاؤ، آؤ نبیﷺ کی بات کریں
پل میں پہنچے عرش کے اوپر رب کو دیکھا آنکھوں سے
دل کی تسکین اِن سے پاؤ، آؤ نبیﷺ کی بات کریں
رب نے بخشش اِنﷺ پر چھوڑی اِنﷺ کے صدقے معافی ہے
بس پھر انﷺ کے در پہ آؤ، آؤ نبیﷺ کی بات کریں
رب کی ہر نعمت کے قاسم دونوں جہاں میں ایک یہی
اِنﷺ سے مانگو اِنﷺ سے پاؤ، آؤ نبیﷺ کی بات کریں
یہ ہیں مالک جنت کے بھی فرحت کےبھی رحمت کے بھی
دل میں انﷺ کی جَوت جگاؤ، آؤ نبیﷺ کی بات کریں
سب ہیں سائل اِنﷺ کے در کے ٹوٹ پڑے ہیں صدقے لینے
تم بھی حافظ ساتھ آؤ، آؤ نبیﷺ کی بات کریں
(۲۱ رجب المرجب ۱۴۳۹؁ھ/ ۸ اپریل ۲۰۱۸؁ء)

نزیل موریشس

...

آپﷺ کی آقا شان نِرالی ہر ساعت ہے عالی عالی

نعت شریف

عالی عالی

آپﷺ کی آقا شان نِرالی ہر ساعت ہے عالی عالی
آپﷺ کی مدحت گوشہ گوشہ پتّہ پتّہ ڈالی ڈالی
آپﷺ سے پہلے تھا جو اندھیرا ہر سُو عالم نفرت جیسا
آپﷺ کا روشن چہرہ چمکا بھاگی بدلی کالی کالی
آپﷺ جو آئے عزّت آئی بخشش آئی غیرت آئی
نور بھی آیا رحمت آئی دل تھے پہلے خالی خالی
سارے گلشن آپﷺ سے مہکے سارے عالم آپﷺ سے چمکے
مظلوموں نے آپﷺ سے پایا آپﷺ سبھی کے وَالی وَالی
ایک نبی کا گنبد ہی ہے جس سے سَبْ پُرْ نور ہوا ہے
اس گنبد کے سائے میں ہے ہر ہر گنبد جالی جالی
باغ کے ہر غنچے میں کلی میں حسنِ نبیﷺ کے جلوے ہیں
وصفْ نبیﷺ میں گُم ہے گلشن پودا پودا بالی بالی
غور سے حافؔظ تو بھی سُن لے گونج جہاں میں کس کی ہے
ذکر خدا ہے ذکر نبیﷺ ہے پتّی پتّی ڈالی ڈالی
(۲۳ رجب المرجب ۱۴۳۹؁ھ/ ۱۰ اپریل ۲۰۱۸؁ء نزیل موریشس

...

مومن کی ہر بات بھلی ہے، تیرا میرا رشتہ کیا

نعت شریف

تیرا میرا رشتہ

مومن کی ہر بات بھلی ہے، تیرا میرا رشتہ کیا
حُبّ نبیﷺ کی ڈور جُڑی ہے، تیرا میرا رشتہ کیا
میں تو نبیﷺ کو داتا مانوں، آقا مانوں مالک بھی
منکر تجھ میں اسکی کمی ہے، تیرا میرا رشتہ کیا
نجدی مُنْکِرْ شاہ اُمم ہے، مجھ پر اُن کا فیض و کرم ہے
تجھ پہ نِگَہْ شیطاں کی جمی ہے، تیرا میرا رشتہ کیا
تو ہے نجدی سنگِ نالی، میرے لئے ہے ان کی جالی
مجھ میں تو ایماں کی نمی ہے، تیرا میرا رشتہ کیا
تو ہے مُنکِر ختم نبوت، تجھ پہ لعنت تجھ سے نفرت
دنیا تو تجھ ہی پہ ہنسی ہے، تیرا میرا رشتہ کیا
آج مدد لے ان کے در کی، کر لے توبہ جلدی جلدی
سب کے دل کی بات یہی ہے، تیرا میرا رشتہ کیا
ظالم تو گستاخ نبیﷺ ہے، تجھ پر لعنت ہر اک کی ہے
میرا حافؔظ میرا نبیﷺ ہے، تیرا میرا رشتہ کیا
۲۲ رجب المرجب ۱۴۳۹؁ھ / ۹ اپریل ۲۰۱۸؁ء نزیل موریشس

...

ذِکْرِ نبیﷺ ہے ذکرُ اللہ، بولو بولو صلی اللہ

نعت شریف

بولو بولو صلی اللہ

از: پیرزادہ جواؔد رضا برکاتی الشامی

تصحیح شدہ: محامد العلماء مفتی احمد میاں حافؔظ البرکاتی مدظلہ

ذِکْرِ نبیﷺ ہے ذکرُ اللہ، بولو بولو صلی اللہ
نورِ نبیﷺ ہے نورُ اللہ، بولو بولو صلی اللہ
حُبِّ نبیﷺ کی شَمَّعْ کو، دل میں روشن تم رکھو
ہوگا تم پر ظِلُّ اللہْ، بولو بولو صلی اللہ
دین کے ایسے کام کرو، نعت کے چرچے عام کرو
ہوگے پھر تم حِزْبُ اللہ، بولو بولو صلی اللہ
ان سے منور چاند ہوا، سورج روشن اِن سے ہوا
ذات نبیﷺ ہے ضَوْءُاللہْ، بولو بولو صلی اللہ
کوئی مشکل پائے جب، صَلّ سَلِّمْ پڑھتا جا
آئے گی پھر نَصْرُ اللہْ، بولو بولو صلی اللہ
اِلَّااللہْ کی ضَرْب لگا، حَقْ ہُو حق ہُو کہتا جا
پالے گا تو فَتْحُ اللہْ، بولو بولو صلی اللہ
تو بھی اے جواؔد رضا، بَنْ کے رِہْ آقاﷺ کا گدا
تجھ پر ہوگی رَوْحُ اللہْ، بولو بولو صلی اللہ
۱۹ رجب المرجب ۱۴۳۹؁ھ/ ۶ اپریل ۲۰۱۸؁ء نزیل موریشس

...

ہیں عشق کی علامت سردارِ اہلِ جنت

منقبت

سردارِ اہلِ جنت﷜

ہیں عشق کی علامت سردارِ اہلِ جنت﷜
اور خلد کی بشارت سردارِ اہلِ جنت﷜
سارے جہاں میں ان کی کرنیں چمک رہی ہیں
ظلّ مہِ رسالت سردارِ اہلِ جنت﷜
گویا گلاب جنت ہر قطرۂ لہو ہے
کیا مشک بو ہے خلعت سردارِ اہلِ جنت﷜
جن کے روئیں روئیں سے حسن و جمال ٹپکے
ایسے ہیں پاک طینت سردارِ اہلِ جنت﷜
خونِ شہِ رسالتﷺ ان﷜ کے خمیر میں ہے
ہیں روضۂ نجابت سردارِ اہلِ جنت﷜
قرآں کے ہیں سپارے اور پھول پیارے پیارے
یہ اہلِ بیت حضرت سردارِ اہلِ جنت﷜
فکرِ رضا سے حافؔظ تو کام لے رہا ہے
ہیں محورِ سیادت سردارِ اہلِ جنت﷜
۲۶ اکتوبر ۲۰۱۵؁ء/ ۱۲ محرم الحرام ۱۴۳۷؁ھ

...

لائی صبا پیامِ شہنشاہِ دوسراﷺ

لائی صبا پیامِ شہنشاہِ دوسراﷺ
ساقی پِلا بہ نامِ شہنشاہِ دوسراﷺ
وحیِ خدا، کلامِ شہنشاہِ دوسراﷺ
آئینِ حق، نظامِ شہنشاہِ دوسراﷺ
یہ أوج و احترامِ شہنشاہِ دوسراﷺ
قربِ خدا مقامِ شہنشاہِ دوسراﷺ
لاریب ابرِ رحمتِ پروردگار ہے
زلفِ سیاہ فامِ شہنشاہِ دوسرا­­­ﷺ
اللہ کا غنی ہے شہِ دیں کا ہر گدا
سلطاں ہے ہر غلامِ شہنشاہِ دوسراﷺ
حاصل ہے یادِ شہ سے مجھے قربِ مستقل
اے فرقتِ دوامِ شہنشاہِ دوسراﷺ
وَالفَجر بن گئے کہیں وَاللَّیل ہوگئے
انوارِ صبح و شامِ شہنشاہِ دوسراﷺ
کام و دہن ہیں ساغرِ رحمت سے ہمکنار
ہے میرے لب پہ نامِ شہنشاہِ دوسراﷺ
عنوانِ لوحِ مصحفِ اَسرےٰ بِعَبْدہٖ
طرزِ سبک خرامِ شہنشاہِ دوسراﷺ
مشہور ہے بہارِ عقیدت کے نام سے
اختؔر مِرا سلامِ شہنشاہِ دوسراﷺ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

...

اللہ اللہ انتہائے احترامِ مصطفیٰﷺ

اللہ اللہ انتہائے احترامِ مصطفیٰﷺ
خاص قربِ حق تعالیٰ ہے مقامِ مصطفیٰﷺ
لے رہا ہے بھیک رب سے ہر غلامِ مصطفیٰﷺ
بٹتی ہے رحمت سرِ محشر بنام مصطفیٰﷺ
بادۂ جَاؤُکْ پی کر تشنہ کامِ مصطفیٰﷺ
بیخودی میں جھومتے ہیں لے کے نامِ مصطفیٰﷺ
ہے ضیائے مطلعِ والفجر صبحِ تابناک
نورِ سبحٰن الَّذِی اَسْریٰ ہے شامِ مصطفیٰﷺ
دیکھ کر رنگینئ حُسن و جمالِ کائنات
آگیا بے ساختہ ہونٹوں پہ نامِ مصطفیٰﷺ
ان مُکَیَّفْ مست کوثر پاش آنکھوں کے نثار
ہے شرابِ مَنْ رَانیِ زیبِ جامِ مصطفیٰﷺ
صبح کی آغوش میں لیتی ہے شب انگڑائیاں
یا ہے خم عارض پہ زلفِ مشکفامِ مصطفیٰﷺ
نامِ اقدس کلکِ قدرت نے لکھا ہر چیز پر
یعنی ہے کونین کی ہر شَے بنامِ مصطفیٰﷺ
کیوں نہ اختؔر دو جہاں میں میرا بیڑا پار ہو
میں سگِ حامد رضا خاں، ہوں غلامِ مصطفیٰﷺ

...

منشائے رب ہیں مقصدِ یزداں ہیں مصطفیٰﷺ

منشائے رب ہیں مقصدِ یزداں ہیں مصطفیٰﷺ
وجہِ وجودِ عالمِ امکاں ہیں مصطفیٰﷺ
دشمن ہو یا ہو دوست، گدا ہو کہ تاجدار
سب کے لئے خلوص میں یکساں ہیں مصطفیٰﷺ
کوئی کلیمِ حق ہے، خلیلِ خدا کوئی
محبوبیت ہیں سب سے نمایاں ہیں مصطفیٰﷺ
اِک اک ادا ہے آپ کی آیاتِ بیّنات
جس زاوئیے سے دیکھئے قرآں ہیں مصطفیٰﷺ
جبریل جن کے سامنے مورِ ضعیف ہے
صلِّ علےٰ وہ فخرِ سلیماں ہیں مصطفیٰﷺ
گردش میں جس کے گِرد ہے پر کارِ کائنات
وہ ایک خاص مرکزِ دوراں ہیں مصطفیٰﷺ
اختؔر ہے شغلِ نعت عبادت مرے لئے
میری کتابِ فکر کے عنواں ہیں مصطفیٰﷺ

...