حضرت علامہ مولانا ندیم احمد نؔدیم نورانی مدظلہ العالی
حضرت علامہ مولانا محمد ندیم احمد ندیم نورانی صاحب کا شجرۂِ نسب اس طرح ہے۔
نسب:حضرت علامہ مولانا محمد ندیم احمد ندیم نورانی بن سلیم احمد (قادری عطاری) بن محمد احمد بن شفاعت علی۔والد صاحب کے نسبا ً ’’صدیقی‘‘اور والدہ محترمہ ’’نجیب الطرفین ساداتِ کرام‘‘ سےہیں۔آبائی تعلق میرٹھ(ہند) سے ہے۔مولانا کےبزرگ صاحبِ علم وتقویٰ تھے،بالخصوص آپ کےنانا محترم جناب سیدحافظ محمد حسین باعمل حافظِ قرآن تھے۔رات کےوقت جب ان کی تدفین کی گئی توان کی قبر سےنور کی شعائیں ظاہر ہوگئیں،سب حاضرین نے مشاہدہ کیا۔
پیدائش :آپ کی پیدائش بروزبدھ15 رجب المرجّب 1393ھ مطابق 15 اگست 1973ء کو ناظم آباد نمبر 5، کراچی میں ہوئی۔
تحصیلِ علم:ابتدائی دینی تعلیم محلے کی مسجد میں حاصل کی۔حضرت علامہ مولانا سید محمد اعجاز نعیمی علیہ الرحمہ کی ذہن سازی پر دینی علوم کاشوق پیداہوا، اور پھر انہیں سےصرف ونحو کےقواعد اور عربی گرائمر اور فقہ وغیرہ میں رہنمائی حاصل کرتے رہے۔کراچی یونیورسٹی سےایم۔اے۔ اسلامیات ہیں۔
بیعت :قائد ملت اسلامیہ مولانا شاہ احمد نورانی صدیقی سےبیعت ہوئے۔
خلافت و اجازت:آپ کو علامہ مولانا مفتی محمد اطہر نعیمی زید مجدہ، علامہ مولانا مفتی جمیل احمد نعیمی اطال اللہ عمرہ،نبیرۂ اعلیٰ حضرت، حضرت علامہ مولانا محمد منان رضا خان بریلوی ،خلیفۂ مفتی اعظم ہند حضرت مولانا عبدالحمید نوری پامر مدظلہ العالی (ڈربن، ساؤتھ افریقہ)وغیرہم حضرات نےاجازت وخلافت سے نوازا ہے۔حضرت مسعودِ ملت، ودیگر اکابرین علماء ومشائخ سےاورادو وظائف کی اجازت حاصل ہے۔
تصانیف:مولانا ندیم احمد ندیم نوارنی زیدمجدہ ایک فاضل اور محقق آدمی ہیں،عربی،اردو،اور انگریزی ادب پر مہارت حاصل ہے۔اردو نثر ، نظم اور مادۂ تاریخ میں عبور رکھتےہیں۔آپ کا کلام بہت عمدہ اورپُرمغز ہوتا ہے۔فن ِشاعری میں جناب راغب مراد آبادی مرحوم کےشاگرد ہیں۔ماشاء اللہ درجن بھر تحقیقی کتب ورسائل قلم بند کر چکےہیں،جن پر علماء ومشائخ ِ عظام سے دادِ تحسین وصول فرماچکےہیں۔ بالخصوص’’فہرست رسائل ِفتاویٰ رضویہ‘‘ اور ’’جب جب تذکرہ خجندی ہوا‘‘ اور ’’علامہ حاجی محمد بشیر صدیقی کا سفرِ ِزندگی‘‘ قابل ِمطالعہ اور بہت مفید ہیں۔ان کے علاوہ کئی مضامین ومقالات پاکستان وہندوستان کےمؤقرجرائد میں شائع ہوچکےہیں۔تحقیقی کام جاری رکھےہوئے ہیں۔اللہ تعالیٰ علم وقلم میں مزید برکتیں عطاء فرمائے۔آمین ۔بجاہ النبی الامینﷺ۔مولانا صاحب انتہائی ملنسار،خوش اخلاق،اور منکسر المزاج شخصیت کے حامل ہیں۔