حضرت حماد بن امام اعظم ابو حنیفہ
حضرت حماد بن امام اعظم ابو حنیفہ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ
حماد بن امام ابوحنیفہ: آپ کی کنت ابو اسمٰعیل تھی اور بڑے زاہد و عاہد و پرہیز گار تھے۔حدیث وفقہ کو اپنے والد ماجد سے سنا اور اخذ کیا بلکہ فقہ میں یہاں تک کمال مہارت پیدا کرلی تھی کہ اپنے والد ماجد ہی کے زمانے میں فتوے دیا کرتے اور امام ابو یوسف و امام محمد و زفر و حسن بن زیادہ وغیرہ کے طبقہ میں سےتھے اور تدوین کتب فقہ میں ان کے معاون تھے۔جب امام ابو حنیفہ فوت ہوئے تو آپ کے قبضہ میں سونے چاندی کے بہت سے ودائع اور امانتیں ترکہ میں آئیں جن کے مالک مفقود تھے،آپ نےان سب کو قاضی کے پاس لے جاکر سپرد کردیا۔ہر چند قاضی نے بہت دفعہ کہا کہ آپ بڑے امین ہیں ، اپنے ہی پاس رہنے دیں مگر آپ نے ایک نہ مانی۔آپ سے آپ کے بیٹے اسمٰعیل نے تفقہ کیا اور ابن عدی نے آپ کو حافظ کی روسے ضعیف قرار دیا ۔ بعد وفات قاسم بن معن کے آپ کو فہ کے قاضی مقرر ہوئے اور ماہ ذی قعدہ ۱۷۶ھ میں انتقال فرمایا۔’’قطب دنیا‘‘ آپ کی تاریخ وفات ہے۔
(حدائق الحنفیہ)