حضرت سیدنا سری سقطی

حضرت سیدنا سری سقطی

نام ونسب: آپ  کا اسمِ گرامی :سرالدین ۔کنیت: ابوالحسن ، اور سری سقطی کے نام سے مشہور ہیں ۔آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کے والدِ گرامی کا نام حضرت مغلس علیہ الرحمہ  تھا ۔ 

تاریخِ ولادت: آپ کی پیدائش 155ھ کو  بغداد معلیٰ میں ہوئی۔

تحصیلِ علم: آپ  رحمۃ اللہ علیہ نے ابتدائی تعلیم اپنے محلہ کے مکتب سے حاصل کی ،رجوع الی التصوف کے بعد مختلف شیوخ سے علمی وروحانی استفادہ فرمایااور بالخصوص حضرت معروف کرخی علیہ الرحمہ اورفضیل ابن عیاض رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے  اکتساب فرمایا،اور درجۂ  کمال پر فائز ہوئے۔اس اعتبار سے آپ تبع تابعی ہوئے۔

بیعت وخلافت: آپ حضرت شیخ معروف کرخی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے مرید و خلیفہ تھے۔

سیرت وخصائص: نفس کشتۂ مجاہد ہ، دل زندۂ مشاہدہ، سالک حضرت ملکوت، مشاہد عزت وجبروت، نقطہ دائرہ لایقطی حضرت شیخ وقت سری سقطی رضی اللہ تعالیٰ عنہ سلسلہ عالیہ قادریہ رضویہ کے دسویں امام اور شیخ طریقت ہیں، آپ ا ہل تصوف کےا مام اور اصناف ِعلم میں کمال رکھتے تھے۔ علم و ثبات کے پہاڑ اور مروت و شفقت میں یکتائے زمان تھے ،اور رموز و اشارات میں یگانۂ روزگار تھے۔ حضرت فضیل ابن عیاض رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے شاگرد رشید تھے۔ اور آپ تبع تابعین سے تھے۔ سب سے پہلے جس نے حقائق ومعارف کو بغداد میں نشر فرمایا وہ آپ ہی ہیں۔ اور عراق کے بہت سے مشائخ آپ کے سلسلہ اردات سے منسلک تھے۔ آپ سید الطائفہ حضرت جنید بغدادی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے ماموں اور شیخ طریقت تھے۔ حضرت جنید بغدادی رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے اپنے شیخ طریقت جیسا کامل کسی کو بھی نہیں دیکھا اور حضرت بشر حافی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا کہ میں آپ کے سوا کسی سے سوال نہ کرتا تھا کیونکہ میں آپ کے زہد و تقویٰ سے واقف تھا اور جانتا تھا کہ جب آپ کے دستِ مبارک سے کوئی چیز باہر جاتی ہے تو آپ خوش ہوتےہیں۔سید الطائفہ شیخ جنید بغدادی﷫ فرماتے ہیں: میں نے کسی کو عبادت میں سری سقطی سے زیادہ کامل نہیں پایا۔ 98؍سال کامل گزر گئے لیکن سوائے بیماری اور مرض الموت کے زمین پر پہلو تک نہیں رکھا  ۔

وصال: آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کا انتقال 13 رمضان المبارک 253ھ  بمطابق 867ءبروزمنگل صبح صادق کے وقت 98برس کی عمر میں ہوا۔آپ کا مزار شریف بغداد میں مقام شونیز میں ہے۔ اللہ تعالیٰ نے آپ کے نمازِ جنازہ میں شرکت کرنیولوالے تمام افرادکی  مغفرت فرمادی ۔(تاریخ ابنِ کثیر)

 

تجویزوآراء