مولانا سماء الدین
مولانا سماء الدین: جامع علوم عقلیہ و نقلیہ،واقف فنون رسمیہ وظاہریہ، صاحب تقویٰ دورع و قناعت تھے۔علوم مولانا سناء الدین سے جو میر سید شریف جرجانی کے شاگردوں میں سے تھے حاصل کیے۔پہلے آپ ملتان میں رہا کرتے تھےمگر سبب بعض وقائع کے جو وہاں روداد ہوئے وہاں سے تنہا نکل کر دہلی میں آئے اور یہیں توطن اختیار کیا۔اخیر عمر میں بسبب کبر سنی کے آپ کی بصارت زائل ہوگئی۔بغیر علاج کے خدا تعالیٰ نے آپ کو پھر بصارت دے دی۔آپ نے شیخ فخر الدین عراقی کی لمعات پر اس تحقیق سے حواشی لکھے جو اس کے معانی کے حل کو دکافی ہیں اور نیز ایک رسالہ مسمی بہ مفتاح الاسرار تصنیف فرمایا۔وفات آپ کی ۱۷؍ جمادی الاولیٰ ۹۰۱ھ میں ہوئی اور مقبرہ آپ کا حوض شمسی پر واقع ہے جہاں آپ کی اولاد احفاد میں سے ایک گرہ مدفون ہے۔
(حدائق الحنفیہ)