حضرت مولانا سید احمد شریف کچھوچھوی
حضرت مولانا سید احمد شریف کچھوچھوی علیہ الرحمۃ
عالم ربّانی،عارف باللہ حضرت مولانا سید شاہ احمد اشرف قدس سرہٗ مشہور آفاق بزرگ اعلیٰ حضرت محبوب رحمانی سید شاہ علی حسین اشرفی میاں کچھوچھوی قدس سہر المتوفی ۱۳۵۵ھ کے بڑے صاحبزادے تھے۔۱۴؍شوال بروز جمعہ ۱۲۸۶ھ میں آپ کی ولادت با سعادت ہوئی،‘‘مولانا ابو المحمودسید شاہ احمد اشرف’’ ماوۂ تاریخ ولادت ہے،ابتدائی تعلیم اساتذہ کچھوچھہ سے پائی، مفتی لطف اللہ علی گڑھی سے درسیات کی تکمیل کی،عالم رویاء میں سرور کائنات صلی اللہ علیہ وسلم نے آپ کی دستاربندی فرمائی،اس لیے آپ نے اس کے بعد دستار بندی نہیں کرائی،پورے فاضل تھے،باطن سے آراستہ اور غوث زمانہ والد کے جانشین تھے،بیعت و اجازت والد ماجد سے تھی،حضرت کا وعظ پر تاثیر ہوتا تھا، والد ماجد اعلیٰ حضرت کچھوچھوی کی حیات طیبہ ہی میں طاعون کے مرض میں ۱۳۴۳ھ میں رحلت فرماگئے،حضرت شیخ المشائخ مولانا سید شاہ محمد مختار اشرف مدظلہ العالی سجادہ نشین سرکار کلاں بزرگ صاحبزادے آپ کی یادگار ہیں، حضرت شیخ المشائخ سجادہ نشین مدظلہٗ سید شاہ محمد اشرفی قدس سرہٗ کے واسطہ سے لاکھوں سالکانِ طریقت آپ کے سلسلہ سے وابستہ ہیں۔
(وظائف اشرف، تحائف اشرفی)