حضرت شمس الآئمہ محمد بن عبد الستار کردری
حضرت شمس الآئمہ محمد بن عبد الستار کردری رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ
محمد بن عبد الستار بن محمد کردری عمادی: ابو الواحد کنیت شمس الائمہ لقب تھا۔امام محقق،فاضل مدقق،فقیہ محدث،عارف مذاہب،محیی اصول فقہ تھے۔ ۱۸؍ ماہ ذی قعدہ۵۵۹ھ میں پیدا ہوئے علم ادب پہلے ناصر الدین مطرزی صاحب مغرب سے پڑھا،پھر اور علوم میں مشغول ہوئے اور امام زادہ صاحب شرعۃ الاسلام تلمیذ شمس الائمہ بکر بن محمد زرنجری شاگرد حلوائی سے اخذ کیا اور نیز منہاج الشریعہ قوام الدین صفار تلمیذ اپنے باپ ابراہیم صفار شاگرد اپنے باپ اسمٰعیل صفار تلمیذ ابی یعقوب یوسف سیاری شاگرد ابی اسحٰق نو قدی سے اخذ کیا اور نیز بدر الدین عمرو رسکی اورشرف الدین عقیلی اور نور الدین صابونی سے پڑھا۔اجل اساتذہ آپ کے فخر الدین حسن بن منصور قاضی خان اور صاحب ہدایہ علی بن ابی بکر ہیں،یہاں تکہ کہ آپ متعدد و علوم میں فائق ہوئے اور اپنے اقران پر غالب آئے اور اہل زمان نے آپ کے فضل و تقدم کا اقرار کیا حتی کہ آپ کے حق میں یہ کہا گیا ہے کہ آپ نے بعد زید دبوسی کے علم اصول و فروع کو زندہ کیا۔آپ سے آپ کے بھانجے محمد بن محمود بن عبد الکریم المعروف بہ خواہر زادہ اور حمید الدین صریر علی رامشی اور حافظ الدین کبیر محمد بن محمد بخاری اور محمد مایمر غی وغیرہ خلق کثیر نے تفقہ کیا اور بخارا میں جمعہ کے روز ۹؍محرم ۶۴۲ میں وفا ت پائی۔’’محقق نامور زمن‘‘ تاریخ وفات ہے۔
(حدائق الحنفیہ)