غوث الاعظم شیخ عبد القادر جیلانی
غوث الاعظم شیخ عبد القادر جیلانی رضی اللہ تعالیٰ عنہ
اسم گرامی : عبدالقادر کنیت : ابو محمد لقب : محی الدین عامۃ المسلمین میں آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ غوث الاعظم کے نام سے مشہور ہیں۔ والد ماجد کا نام حضرت سیّد ابو صالح موسیٰ رضی اللہ تعالیٰ عنہ والدہ ماجدہ حضرت فاطمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہما آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نجیب الطرفین سیّد ہیں۔ حضور سیّدناغوث الاعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی تاریخ ولادت سے متعلق دو روایتیں ہیں ایک روایت میں آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی پیدائش یکم رمضان المبارک ۴۷۰ ھ / ۱۰۷۸ء ہے جبکہ دوسری روایت کے مطابق آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ یکم رمضان المبارک ۴۷۱ھ میں عالم قدس سے عالم امکانی میں تشریف لائے۔ کثرت آراء دوسری روایت کے حق میں ہے۔ مناقب غوثیہ میں شیخ شہاب الدین سہروردی سے منقول ہے کہ سیّدنا حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی کی ولادت کے وقت غیب سے پانچ عظیم الشان کرامتوں کا ظہور ہوا۔ اوّل: شب ولادت آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے والد سیّد ابو صالح نے خواب میں دیکھا کہ آقائے دو جہاں حضرت رسول مقبول ﷺ تشریف لائے ہیں ارشاد فرماہے ہیں (ترجمہ) اے ابو صالح، اللہ تعالیٰ نے تجھے فرزند عطا کیا ہے وہ میرا محبوب ہے اور خدا پاک و برتر کا محبوب ہےاور تمام اولیاء و اقطاب میں اس کامرتبہ بلند ہے۔ دوئم: جب آپ پیدا ہوئے تو آپ کے شانہ مبارک پر نبی کریمﷺ کے قدم مبارک کا نقش موجود تھا، جو آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے ولی ہونے کی دلیل ہے۔ سوئم: آپ کے والدین کو اللہ تعالیٰ نے عالم خواب میں بشارت دی کہ جو لڑکا تمہارے ہاں پیدا ہوا ہے سلطانِ الاولیا ہوگا۔ چہارم: آپ کی ولادت کے شب صوبہ گیلان میں تقریباً گیارہ صد لڑکے پیدا ہوئے جو سب کے سب مرتبہ ولایت پر فائز ہوئے۔ اس رات تمام علاقہ گیلان میں کوئی لڑکی پیدا نہیں ہوئی۔ پنجم: یہ کہ آپ رمضان المبارک کے مہینہ کی چاند رات کو پیدا ہوئے۔ دن کے وقت مطلق دودھ نہیں پیتے تھے البتہ افطار سے لے کر سحری تک والدہ ماجدہ کا دودھ پیتے تھے۔ ولادت کے دوسرے سال کہر کی وجہ سے رویت ہلال کے متعلق کچھ شبہ پڑگیا تھا لیکن جب وقت سحرکے بعد جناب غوث الاعظم نے والدہ ماجدہ کا دودھ نہیں پیا تو آپ کی والدہ سمجھ گئیں کہ آج رمضان المبارک کی پہلی تاریخ ہے انہوں نے لوگوں کو یہ خبر سنائی اور بعد میں معتبر شہادتوں سے اس قیاس کی تصدیق بھی ہوگئی۔ جب آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ پیدا ہوئے تو آپ کے شانہ مبارک پر نبی کریم ﷺ کے قدم مبارک کا نقش موجود تھا، جو آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے ولی ہونے کی دلیل ہے۔ آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے والدین کو اللہ تعالیٰ نے عالم خواب میں بشارت دی کہ جو لڑکا تمہارے ہاں پیدا ہوا ہے سلطانِ اولیاء ہوگا۔ دنیائے اسلام میں آپ کا یومِ وصال اسلامی ماہ کی ۱۱ ویں تاریخ کو منایا جاتا ہے۔