حضرت سید جلال الدین بخاری سہروردی

حضرت سید جلال الدین بخاری سہروردی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ

یہ وہ بزرگ ہیں جنہیں ’’سید جلال الدین سرخ‘‘ بھی کہا جاتا ہے آپ شیخ الاسلام حضرت بہاؤالدین زکریا ملتانی کے مریدوں میں سے تھے، سید جلال الدین بخاری کے دادا سید جلال جو ’’مخدوم جہانیاں‘‘ کے لقب سے معروف تھے بخارا سے بھکر تشریف لائے اور اسی شہر میں سکونت اختیار فرمائی اور سید بدرالدین بکری سے جو بھکر کے معزز اور ممتاز رئیس تھے تعلقات قائم کیے، لوگوں کا بیان ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے سید جلال الدین بخاری کو خواب میں اس بات کی بشارت دی کہ سید بدرالدین کی لڑکی سے شادی کرلیں، اسی طرح سید بدرالدین بکری کو بھی حضور صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے اس خوش نصیبی کی بشارت خواب میں دی، چنانچہ سید بدرالدین بکری نے اپنی عزیز بیٹی کا نکاح سید جلال الدین بخاری سے کردیا، اس کے حاسدوں اور کینہ وروں کی ریشہ دوانیوں اور رشتہ داروں کی باتوں سے تنگ آکر سید جلال الدین بخاری بھکر سے اوچ تشریف لے گئے جہاں آپ کی اولاد پیدا ہوئی اور متعدد افراد آپ کے حلقہ ارادت میں داخل ہوئے اور حق تعالیٰ نے آپ پر خیر و برکت کے دروازے کھول دیے آپ کا مزار بھی اوچ ہی میں ہے۔

(اخبار الاخیار)

تجویزوآراء