خاتم الاکابر حضرت سید شاہ آل رسول احمدی مارہروی
خاتم الاکابر حضرت سید شاہ آل رسول احمدی مارہروی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ
حضرتِ شاہ آلِ رسول مارِہروی علیہ رحمۃ اللہ الباری تیرھویں صدی ہجری کے اَکابر اولیائے کرام میں سے تھے۔آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کی ولادتِ باسعادت رجب المرجب ۱۲۰۹ھ میں ہوئی اور والد ماجدحضرت شاہ آلِ بَرَکات رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کی آغوشِ شفقت و محبت میں تربیت اور نشوونما پائی۔ آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کو اپنے بڑےچچاحضرت اچھے میاں رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ سے اجازت و خلافت حاصل تھی۔والد ماجد نے بھی اجازت مرحمت فرمائی تھی مگر مرید اچھے میاں رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کے سلسلہ میں فرماتے تھے ۔۱۸ ذوالحجۃ الحرام ۱۲۹۶ھ کووصال شریف ہوا۔ وقتِ رِحلت لوگوں نے استدعا کی کہ حضور! کچھ وصیت فرمادیجئے۔ بہت اصرار پر فرمایا، مجبور کرتے ہو تو لکھ لو ہمارا وصیت نامہ۔ اَطِیْعُو االلہَ وَ اَطِیْعُواالرَّسُوْلَ (یعنی اللہ اور اس کے رسول عَزَّوَجَلَّ وصلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم کی اطاعت کرو)بس یہی کافی ہے اور اسی میں دین و دنیا کی فلاح ہے۔آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کا مزار شریف مارہرہ شریف میں مرجع خلائق ہے۔
(شرح شجرہ قادریہ)