حضرت مبلّغ اعظم مولانا خورشید احمد، ظاہر پیر
حضرت مبلّغ اعظم مولانا خورشید احمد، ظاہر پیر، رحیم یار خاں علیہ الرحمۃ
اہل سنّت و جماعت کے عظیم مبلغ حضرت مولانا خورشید احمد ولد جناب منشی حبیب اللہ فیضی ۱۹۲۷ء میں بمقام راجن پور کلاں ڈہریں والی، تحصیل و ضلع رحیم یار خاں میں پیدا ہوئے۔ آپ راجپوت خاندان کے چشم و چراغ ہیں اور آپ کے اکابر میں سے حضرت مفتی غلام حسن رحمہ اللہ، حضرت جمال اللہ ملتانی رحمہ اللہ کے خلیفۂ مجاز تھے اور اب ان کا روضۂ مبارکہ ملتان شریف میں مرجع خلائق ہے۔
حضرت مولانا خورشید احمد مدظلہ نے درسِ نظامی کا مکمل نصاب فریدآباد شریف (آستانہ حضرت خواجہ مولانا نور احمد صاحب) اور مدرسہ عربیہ انوارالعلوم ملتان میں پڑح کر ۱۹۴۸ء میں سندِ فراغت حاصل کی۔
آپ کے اساتذہ کرام کے اسماء یہ ہیں:
۱۔ حضرت خواجہ مولانا نور احمد خلیفۂ مجاز حضور خواجہ نازک کریم کوٹ مٹھن شریف
۲۔ حضرت مولانا محمد عبدالخالق مدظلہ، پکالاڑاں
۳۔ حضرت مولانا عبدالکریم مدظلہ
۴۔ حضرت مولانا پیر فیض محمد شاہ جمالی، ڈیرہ غازی خاں
۵۔ غزالیٔ زماں علامہ سید احمد سعید شاہ کاظمی، مرکزی صدر جماعت اہل سنت پاکستان
۶۔ شیخ الحدیث حضرت علامہ مولانا سید محمد خلیل محدث امروہی قدس سرہ
آپ نے ایک سال مدرسہ عربیہ انوارالعلوم ملتان میں تدریسی فرائض سر انجام دیے۔ چار سال مدرسہ مطلع العلوم ہائی رہنہ، دو سال مدرسہ منبع العلوم فریدآباد اور پانچ سال مدرسہ سعیدیہ کاظمیہ ظاہر پیر میں علومِ عربیہ پڑھانے کے بعد آج کل مدرسہ سعیدیہ کاظمیہ کی جامع مسجد میں خطابت فرماتے ہیں۔ یہ دارالعلوم ۱۳۷۶ھ سے آپ کی زیرِ نگرانی ترقی کی منازل طے کر رہا ہے۔
حضرت علامہ خورشید احمد نہایت فاضل اور خوش بیان مبلغ ہیں اور تبلیغ دین کے سلسلہ میں صوبہ پنجاب اور سندھ میں اکثر دورے فرماتے ہیں۔
سیاسی طور پر آپ کا تعلق جمعیت علماء پاکستان سے ہے اور جماعت اہل سنت ضلع رحیم یار خان کے آپ صدر ہیں۔
۱۹۵۵ء میں آپ نے حج بیت اللہ شریف اور زیارت روضۂ مطہرہ کا شرف حاصل کیا۔
آپ سلسلۂ چشتیہ میں حضرت خواجہ فیض محمد شاہ جمالی قدس سرہ العزیز کے دستِ اقدس پر بیعت ہوئے۔
کثیر تعداد میں آپ سے طلباء نے اکتسابِ فیض کیا، تاہم چند معروف فضلاء کے اسماء یہ ہیں:
۱۔ حضرت مولانا فیض احمد اویسی، مہتمم جامعہ اویسیہ، بہاول پور
۲۔ مولانا حافظ محمد اللہ یار فریدی، پروفیسر گورنمنٹ علمدار حسین کالج، ملتان
۳۔ مولانا مفتی غلام مصطفےٰ رضوی، مفتی مدرسہ عربیہ انوارالعلوم ملتان
۴۔ مولانا محمد رمضان گلتر، پتوکی
۵۔ ابو امجد مولانا محمد عبدالحئی فضل احمد فیضی، ظاہر پیر
۶۔ مولانا محمد خورشدل، خطیب واعظ مسجد روہڑی
آپ کے تین صاحبزادے ہیں جن کے اسماء یہ ہیں:
مولانا عبدالحی ابو امجد فضل احمد، حافظ غلام جیلانی، مولانا طالب رسول۔
اوّل الذکر مدرسہ سعیدیہ کاظمیہ کے ناظمِ اعلیٰ ہیں۔[۱]
[۱۔ مکتوب حضرت مولانا خورشید احمد دامت برکاتہم العالیہ بنامِ مرتب۔ ۱۹؍محرم الحرام، ۲؍دسمبر ۱۳۹۹ھ/ ۱۹۷۸ء]
(تعارف علماءِ اہلسنت)