حضرتِ سیِّدُنا نظام الدین
حضرتِ سیِّدُنا نظام الدین علیہ رحمۃ اللہ المُبین
حضرتِ سیِّدُناقاری نظام الدین رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ قصبہ کا کوری ضلع لکھنؤ (ہند)میں ۸۹۰ ھ میں پیدا ہوئے ۔مُریدین وخلفاء کے درمیان بھکاری کے نام سے مشہور ہیں چنانچہ شجرہ عالیہ میں اسی نام سے یاد کئے گئے ہیں۔ان کا یہ لقب غالباًاس لئے مشہور ہوا کہ یہ بارگاہِ ربّ العزت میں مانگنے سے نہیں شرماتے تھے ، (معاذ اللہ عَزَّوَجَلَّ) مالداروں سے مانگنے والے بھِکاری نہ تھے۔
آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کے والدِ ماجد حضرت سیدنا سیف الدین علیہ رحمۃ اللہ المُبین اپنے وقت کے بڑے مایہ ناز عالم اور قرا ء تِ سبعہ کے مسلّم امام تھے ۔ انہی کی نگرانی میں آپ نے عُلومِ عقلیہ و تفاسیر و تجوید نیز اعمال و اَذکار حاصل کئے۔ آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کو بَیْعَت کا شرف حضرت سَیِّدابراہیم ایرجی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ سے حاصل تھا اوراُن ہی سے خرقہ خلافت و اجازت حاصل ہوا تھا۔آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے متعدد بار حضور سرورِکائنات صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلم کی زیارت کی اور بارگاہ ِرسالت صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلم سے عظیم بشارتوں سے فیض یاب ہوئے ۔ اکثر مرتبہ سرکار ِغوثیت مآب رضی اللہ تعالی عنہ کی بھی زیارت فرمائی ۔چنانچہ آپ ارشاد فرماتے ہیں کہ میں اکثر زیارتِحضرت غوث پاک رضی اللہ تعالی عنہ سے مشرف ہواہوں مگر حضرت غوث اعظم رضی اللہ تعالی عنہ کو تنہا کبھی بھی نہیں دیکھا بلکہ آپ رضی اللہ تعالی عنہ کے ساتھ شہاب الدین عمر سہر وردی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ بھی ہوتے ہیں۔91برس کی عمر میں۹ ذیقعدہ۹۸۱ھ کو آپ کا وِصال ہوا۔ آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کامزار مُبارَک قصبہ کاکوری کے وسط میں محلہ جھنجھری میں واقع ہے۔